ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں
پونٹنگ کی معذرت

،تصویر کا ذریعہAFP
آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کینیڈا کے خلاف میچ میں ساتھی کھلاڑی سٹیو سمتھ سے ٹکرانے کے بعد جھنجھلاہٹ میں گیند پھینکنے پر معافی مانگی ہے۔
پونٹنگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ میں بہتر کارکردگی دکھائے گی کیونکہ وہ پاکستانی ٹیم کو کینیڈا کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے جانتے ہیں۔
ویٹوری اور ملز زخمی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
نیوزی لینڈ کو سری لنکا کے خلاف میچ میں اپنے کپتان ڈینیئل ویٹوری اور فاسٹ بولر کائل ملز کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
نیوزی لینڈ پہلے ہی کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور اس میچ کا نتیجہ گروپ میں دونوں ٹیموں کی حتمی پوزیشن طے کرے گا۔
اے ٹیم نہیں کھیلے گی
کوارٹر فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد جنوبی افریقہ بنگلہ دیش کے خلاف آخری گروپ میچ میں اپنے بہترین کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجمل شہزاد ورلڈ کپ سے باہر
انگلینڈ کے فاسٹ بولر اجمل شہزاد ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور اگر انگلینڈ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ جاتا ہے تو اسے اجمل شہزاد کے متبادل کھلاڑی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
انگلینڈ کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے ہر صورت میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینا ہوگی۔
بھارت بھی جائیں گے

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے آئی ہے اور اگر اسے بھارت میں بھی کھیلنا پڑا تو وہ کھیلے گی۔
واضح رہے کہ اپنے گروپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کی صورت میں پاکستان کو دوسرے گروپ کی ممکنہ سرفہرست ٹیم بھارت سے کوارٹر فائنل کھیلنے احمد آباد جانا پڑے گا۔















