ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں
فٹ اور خوبرو اہلکار

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارت کے شہر احمد آباد کے پولیس کمشنر امیتابھ پتھک نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کو بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں سکیورٹی گزشتہ دو میچوں کے مقابلے میں مزید سخت ہو گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدامات کسی خاص خطرے کے پیشِ نظر نہیں کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب مقامی میڈیا کے مطابق ممبئی کی پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ دسویں ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے دوران ’فٹ اور خوبصورت‘ اہلکار تعینات کیے جائیں گے نہ کہ ’موٹے اور تمباکو کھاتے‘ پولیس اہلکار۔ ورلڈ کپ فائنل ممبئی میں دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔
اگر ایک طرف سکیورٹی سخت کرنے اور خوبرو اہلکاروں کی تعیناتی کی باتیں ہو رہی ہیں تو دوسری طرف بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے سٹیڈیم میں سکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار خراب کھانا کھانے کے باعث بیمار پڑ گئے ہیں۔ یہ پولیس اہلکار شیرِ بنگلہ سٹیڈیم میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ سکیورٹی چیف کرنل مصباح الدین نے بتایا کہ پچاس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بیمار ہونے والے اہلکاروں میں سے ایک درجن سے زیادہ اہلکاروں کا تعلق ایلیٹ پولیس سکواڈ سیپڈ ایکشن بٹالین سے ہے۔
پونٹنگ مشکل میں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
آسٹریلوی کپتان کا شائد یہ آخری ہفتہ ہو بطور کپتان۔ چھتیس سالہ رکی پونٹنگ نے آسٹریلوی ٹیم کی نو سال کپتانی کی ہے۔ ان کو کپتانی کو لے کر ممکنہ طور پر آسٹریلوی بورڈ کے سامنے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تاہم مائیکل ہسی نے کہا ہے کہ کپتان رکی پونٹنگ کو کوارٹر فائنل سے قبل پوری ٹیم کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا ’چیمپیئنز بڑے میچوں میں پوری قوت کے ساتھ آتے ہیں اور پونٹنگ اسی قوت کے ساتھ بھارت کے خلاف میدان میں اتریں گے۔‘
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کے کوچ ٹم نیلسن کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بھارت کے ساتھ ہونے والے کوارٹر فائنل کو وہ ’مِنی گرینڈ فائنل‘ تصور کرتے ہیں۔
’انگلینڈ مشکل ٹیم‘
سری لنکا کے چیف سلیکٹر اوندا ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل کو سری لنکن ٹیم آسان نہیں سنجھے گی۔ ’انگلینڈ کی ٹیم میں صلاحیت ہے کہ کسی بھی ٹیم کو ہرا دے۔‘
دوسری جانب انگلینڈ کے کوچ کراہم گوچ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کچھ خاص کرنا ہو گا۔
اگر ہرانا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کو شکست دینی ہے تو ’بیٹنگ ناکام نہیں ہونی چاہیے‘۔ انہوں نے یہ بات تسلیم کی کہ گزشتہ دو میچوں میں ٹیم اچھا نہیں کھیلی لیکن بدھ کے کوارٹر فائنل کے لیے ٹیم سب کچھ بھول کر میرپور میں بھرپور انداز میں اترے گی۔
نئی گیند اور سپن
جنوبی افریقہ کے سپنر بوتھا کا کہنا ہے کہ اوپننگ بالنگ کرانے کا لطف آ رہا ہے۔ اٹھائیس سالہ سپنر کو ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے خلاف نئی گیند سے بالنگ کرائی گئی۔ ’میرے خیال میں میں ایک سائیڈ سے بیٹسمینوں کو روکے رکھتا ہوں اور دوسری سائیڈ سے دوسرے بالر وکٹیں لیتے ہیں۔ اور یہی میرا کام ہے۔‘















