ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں

وقت اشاعت

فائنل کے لیے چھڑکاؤ

سنہ دو ہزار گیارہ کے کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل سنیچر دو اپریل کو ممبئی میں کھیلا جا رہا ہے جہاں کے منتظمین نے کہا ہے کہ وہ شبنم کا اثر کم کرنے کے لیے کیمکل کا چھڑکاؤ کریں گے۔

شام کے بعد شبنم کی وجہ سے میچ کے دوران فیلڈنگ کرنے والے کپتانوں کو مشکلات پیش آئی ہیں۔

شام کے اوقات میں گراؤنڈ میں نمی کی زیادتی سپنرز کے لیے گیند پر گرفت کو مشکل بنا دیتی ہے جبکہ بیٹنگ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

پونٹنگ کو تین دن کی مہلت

آسٹریلیا میں سیلکٹرز نے کہا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بدھ کو کریں گے اور انھوں نے کپتان رکی پونٹنگ کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے تین دن کی مہلت دی ہے۔

پہنچ نہیں پاؤں گا، وزیرِاعظم کی معذرت

منگل انتیس مارچ کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل ہو رہا ہے۔ سری لنکا کے صدر راجاپکشے نے نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم جان کے کو یہ میچ کو دیکھنے کی دعوت دی تھی لیکن جان کو یہ دعوت کو قبول کرنے سے معذرت کرنی پڑی۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جان کے نے کہا کہ ان کا دل چاہتا تھا کہ وہ یہ میچ دیکھیں لیکن وہ وقت پر سری لنکا پہنچ نہیں پائیں گے۔

بوتھم واک پر غور کریں گے

انگلینڈ کے سابق کرکٹر سر ایئن بوتھم نے کہا ہے کہ وہ غور کریں گے کہ جنگ سے تباہ حال شمالی سری لنکا میں بچوں کو زندگی میں ایک نیا آغاز دینے کے لیے فنڈ اکٹھے کرنے کی خاطر واک کریں۔

بوتھم برطانیہ میں پیسے جمع کرنے کی خاطر طویل فاصلے کی واک کرتے رہتے ہیں۔وہ یہ کام گزشتہ پچیس برس سے کر رہے ہیں۔

آجکل بوتھم کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں سری لنکا میں ہیں اور انھوں نے سری لنکا کے سپنر مرلی دھرن اور کپتان سنگا کارا کے ساتھ علاقے کا دورہ بھی کیا ہے۔

مگر جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ پیسے اکٹھے کرنے کے لیے سری لنکا میں واک پر غور کریں گے تو انھوں نے کہا گرمی بہت ہے اور انھیں سوچنا پڑے گا۔

لیکن جب انھیں بتایا گیا کہ یہ واک ایک ہزار میل کی بجائے شاید دو سو ساٹھ میل سے زیادہ نہ ہو تو خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بوتھم نے کہا ’اگر یہ بات ہے تو پھر سوچوں گا۔‘