آفریدی، ظہیر ہم پلہ لیکن زیادہ کامیاب کون؟

    • مصنف, احمد رضا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

انڈین فاسٹ بالر ظہیر خان اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر شاہد آفریدی کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔ لیکن ورلڈ کپ سے باہر ہوجانے کے باوجود شاہد آفریدی اس ورلڈ کپ کے سب سے کامیاب بالر بن گئے ہیں۔

شاہد آفریدی اس ورلڈ کپ میں 21 وکٹیں لیں اور اگر انڈیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ان کی بالنگ کے دوران مصباح الحق، یونس خان اور کامران اکمل کیچز نہ چھوڑتے تو شاید ان کی وکٹوں کی تعداد اور زیادہ ہوتی لیکن ظہیر خان نے جو فائنل سے پہلے 19 وکٹوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے دوسرے سب سے کامیاب بالر تھے، سنیچر کو مزید دو وکٹیں حاصل کیں اور یوں وہ شاہد آفریدی کے برابر پہنچ گئے۔

فرق یہ ہے کہ شاہد آفریدی نے 8 میچوں میں 270 رنز دے کر 21 وکٹیں لیں جبکہ ظہیر خان نے 9 میچوں میں 394 رنز دے کر 21 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شاہد آفریدی کو اس اعتبار سے بھی ظہیر خان پر سبقت حاصل ہے کہ ان کی اس ورلڈ کپ میں بہترین بالنگ 16 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے جبکہ ظہیر خان کی اس ورلڈ کپ کے کسی میچ میں بہترین بالنگ 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔

پھر شاہد آفریدی کی فی اوور رنز دینے کی شرح 3 اعشاریہ 62 رہی ہے جبکہ ظہیر خان کی تھوڑی زیادہ ہے۔ 4 اعشاریہ 83 رنز فی اوور۔