سعید اجمل کی سات وکٹیں، انگلینڈ 192 پر آل آؤٹ

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
  • وقت اشاعت

آف سپنر سعید اجمل انگلش بیٹسمینوں کے لیے معمہ بن گئے۔

ان کے ایک کے بعد ایک مہلک وار کی تاب نہ لاتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم دبئی ٹیسٹ کے پہلے دن 192رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سعید اجمل نے کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے پچپن رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پانچواں موقع ہے کہ انہوں نے کسی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔

میٹ پرائرنے ستر رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایک بڑی مشکل سے بچا لیا۔

پاکستان نے پہلے دن کا اختتام بغیر کسی نقصان کے بیالیس رنز پر کیا۔

محمد حفیظ بائیس اور توفیق عمر اٹھارہ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

وکٹ کو دونوں کپتان کتنے مختلف انداز میں دیکھ رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنوکٹ کو دونوں کپتان کتنے مختلف انداز میں دیکھ رہے ہیں

انگلش کرکٹرز کے لیے ایک کم سکور پر سپن بولنگ کے سامنے تگ ودو کرنا اس لیے بھی تکلیف دہ تھا کہ بحیثیت عالمی نمبر ایک ٹیم یہ ان کا میدان میں پہلا دن تھا۔

اینڈریو سٹراؤس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

وکٹ کو دونوں کپتان کتنے مختلف انداز میں دیکھ رہے ہیں اس کا اندازہ اس طرح لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان نے عمرگل اور اعزاز چیمہ کے پیس اٹیک کو دو سپنرز سعید اجمل اور عبدالرحمن سے تقویت دینے کا فیصلہ کیا لیکن دوسری جانب انگلش ٹیم نے مونٹی پنیسر کو باہر بٹھا کر سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کے ساتھ تیسرے تیز بولر کے طور پر کرس ٹریملیٹ کو ترجیح دی۔

انگلینڈ کو پہلا دھچکہ محمد حفیظ نے پہنچایا جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایشیز سیریز کے ہیرو الیسٹرکک کو تین کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔

اعزاز چیمہ نے جوناتھن ٹراٹ کو سترہ رنز پر آؤٹ کیا تو ممجوعی سکور اکتیس تھا۔

اصل ڈرامہ اسوقت شروع ہوا جب ایک رن کے اضافے پر انگلینڈ کی ٹیم کو پے درپے تین صدمے جھیلنے پڑے۔

میٹ پرائرنے ستر رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایک بڑی مشکل سے بچا لیا
،تصویر کا کیپشنمیٹ پرائرنے ستر رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایک بڑی مشکل سے بچا لیا

سعید اجمل نے پہلے کپتان سٹراؤس کو انیس رنز پر بولڈ کیا اور پھر اپنے اگلے اوور کی پہلی گیند پر ای این بیل کو آؤٹ کردیا۔

وہ ہیٹ ٹرک تو نہ کرسکے لیکن اسی اوور میں کیون پیٹرسن بھی ان کا شکار بن گئے۔

سعید اجمل کے سرچڑھتے طوفان کی زد میں مورگن اور سٹورٹ براڈ بھی آئے۔

چورانوے رنز پر ساتویں وکٹ گری تو میدان میں انگلش تماشائیوں کو جیسے چپ لگ گئی ہو۔

اس مرحلے پر میٹ پرائر اور گریم سوآن کے درمیان ستاون رنز کی آٹھویں وکٹ کی شراکت نے انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف سب سے کم سکور 130رنز پر آؤٹ ہونے کے خطرے سے دور کر دیا۔

یہ شراکت عبدالرحمن نے گریم سوآن کو چونتیس رنز پر بولڈ کرکے ختم کی۔

میچ کے پےلے دن کے اختتام پر محمد حفیظ بائیس اور توفیق عمر اٹھارہ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے
،تصویر کا کیپشنمیچ کے پےلے دن کے اختتام پر محمد حفیظ بائیس اور توفیق عمر اٹھارہ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے

میٹ پرائر جو پہلے بھی اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالتے رہے ہیں ایک اینڈ پر جمے رہے لیکن ان کی مزاحمت ناکافی ثابت ہوئی لیکن سعید اجمل نے ٹریملیٹ اور اینڈرسن کو آؤٹ کرکے بساط لپیٹ دی۔

پاکستانی کی ٹیم: مصباح الحق ( کپتان )، توفیق عمر، محمد حفیظ، یونس خان، اظہر علی، اسد شفیق، عدنان اکمل، سعید اجمل، عبدالرحمن، اعزاز چیمہ اور عمرگل۔

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو اسٹراس ( کپتان )، الیسٹرکک، جوناتھن ٹراٹ، ای این بیل، کیون پیٹرسن، میٹ پرائر، گریم سوان، ایین مورگن، جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور کرس ٹریملیٹ۔

اس میچ کے امپائرز بلی باؤڈن اور بروس اوکسن فرڈ ہیں جبکہ جواگل سری ناتھ میچ ریفری ہیں۔