میں بے قصور ہوں: کنیریا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے سابق سپنر دانش کنیریا نے ایسکس کاونٹی کے کھلاڑی مرون ویسٹ فیلڈ کےاس الزام کی تردید کی ہے کہ ان کے جواریوں کے ساتھ رابطے ہیں اور وہی جواریوں اور ویسٹ فیلڈ کے درمیان رابطہ کار تھے۔
لندن کی ایک عدالت نے جمعہ کے روز مرون ویسٹ فیلڈ کو کاؤنٹی میچ کے دوران سپاٹ فکسنگ کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں چار ماہ کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔
مرون فیلڈ کے وکلاء نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کےموکل کو پاکستانی کھلاڑی دانش کنیریا نے سپاٹ فکسنگ کی طرف راغب کیا تھا اور وہ ہی جواریوں اور ان کے درمیان رابطہ کار تھے۔
دانش کنیریا نے کراچی سے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرون ویسٹ فیلڈ نے عدالت سے سزا کم کرانے کے لیے ان کےنام کا استعمال کیا۔ دانش کنیریا نے کہا کہ مرون ویسٹ فیلڈ نے عدالت کو یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ وہ انتہائی معصوم اور بھولا بھالا شخص ہے جسے کسی اور شخص نے سپاٹ فکسنگ کے دھندے میں ملوث کر دیا ہے۔ کنیریا نے کہا:’مرون ویسٹ فیلڈ ایک سزا یافتہ دھوکے باز اور جھوٹا شخص ہے۔‘
دانش کنیریا نے کہا کہ ان پر سپاٹ فکسنگ کا الزام سراسر جھوٹ ہے اور ایسکس پولیس، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ انہیں سپاٹ فکسنگ میں ملوث نہ ہونے کے سرٹیفیکیٹ جاری کر چکا ہے۔
ایسکس پولیس نے دو ہزار دس میں دانش کنیریا اور کاؤنٹی ٹیم میں ان کے ساتھی ویسٹ فیلڈ کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے دانش کنیریا کو بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا تھا۔
دانش کنیریا کےخلاف سپاٹ فکسنگ کے الزامات سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انہیں معطل کر دیا تھا۔ دانش کنیریا کرکٹ بورڈ کی معطلی کو ختم کرانے کی کئی بار کوشش کر چکے ہیں اور وہ کئی بار کرکٹ بورڈ کی انٹیگرٹی کمیٹی کے سامنے بھی پیش ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا لیکن اپنی معطلی کو ختم نہیں کر سکے۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اگر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دانش کنیریا کے معاملے کی انکوائری کرنی چاہی تو پاکستان کرکٹ بورڈ اس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی نے کہا ہے کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ مرون ویسٹ فیلڈ کے مقدمےمیں پیش کی جانے والی شہادتوں کا جائزہ لے گا۔
پی سی بی اہلکار نے کہا کہ پاکستان نےخراب شہرت رکھنے والے کھلاڑیوں کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنا رکھی ہے اور کسی بھی ایسے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا جس کی شہرت مشکوک ہو۔
دانش کنیریا ہندو مذہب سے تعلق رکھنے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سپن بولر ہیں۔ اس سے قبل ان کے کزن انیل دلپت بھی بطور وکٹ کیپر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔















