ویلنگٹن: میکلم اور واٹلنگ کی عمدہ بلے بازی

،تصویر کا ذریعہAFP
ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنا لیے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے برینڈن میکلم نے شاندار سنچری بنائی اور واٹلنگ کے ساتھ مل کر ٹیم کو اننگز کی شکست کے خطرے سے نکالا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88713" platform="highweb"/></link>
اتوار کو کھیل کے اختتام پر وہ 114 اور بی جے واٹلنگ 52 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھارت کی پہلی اننگز کے سکور پر صرف چھ رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔
میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رنز سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو سکور میں صرف تین رنز کے اضافے کے بعد کین ولیمسن سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پھر ایک وقت ایسا آیا جب 94 کے مجموعی سکور پر آدھی میزبان ٹیم واپس پویلین جا چکی تھی۔
تاہم اس موقع پر کپتان برینڈن میکلم نے واٹلنگ کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 158 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔
بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں اب تک ظہیر خان نے تین اور رویندر جدیجہ اور محمد شامی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔
اس سے پہلے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
ویلنگٹن میں جمعے سے شروع ہونے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 192 رنز بنا سکی تھی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ آک لینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 40 رنز سے شکست دی تھی۔















