’اچھا موقع ہے پاک بھارت کرکٹ بحال ہو‘

36 سالہ یونس خان جو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں 7000 سے زائد رنز اسکور کرچکے ہیں
،تصویر کا کیپشن36 سالہ یونس خان جو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں 7000 سے زائد رنز اسکور کرچکے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بلے باز اور سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا دورۂ بھارت پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

یونس خان نے پاکستانی ٹیم کے سمر کیمپ کے موقعے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بھارت گئے ہوئے ہیں اور یہ بہت ہی اچھا ہوگا کہ دونوں ملک اپنی کرکٹ دوبارہ شروع کرسکیں۔

36 سالہ یونس خان جو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں 7000 سے زائد رنز اسکور کرچکے ہیں کہتے ہیں کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے کوشاں ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت ہے اس مرحلے پر اس سے زیادہ اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی بھارتی ٹیم کے دورۂ پاکستان سے ہو۔‘

یونس خان نے کہا کہ ’پاک بھارت کرکٹ کی اپنی کشش ہے لیکن ان دنوں سب اس کی کمی شدت سے محسوس کرتے ہیں۔‘

’صرف یہی نہیں کہ پاکستانی شائقین کو انڈیا پاکستان کرکٹ کی کمی محسوس ہورہی ہے بلکہ بھارت میں بھی لوگ پاکستانی کرکٹرز کو دیکھنا چاہتے ہیں ۔وہ لوگ بھی چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اور نوجوان پاکستانی کرکٹرز کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھیں اور ان سے بہت کچھ سیکھیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2007 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی مختصر سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم دسمبر 2012 میں گئی تھی۔

بھارتی ٹیم نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2008 میں ایشیا کپ کھیلنے کے لیے کیا تھا۔

آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت اگلے نو برسوں میں بھارت اور پاکستان کے درمیان چھ سیریز کھیلی جائیں گی تاہم یہ بات سب کو معلوم ہے کہ پاک بھارت کرکٹ ہمیشہ اپنی حکومتوں کی کلیرنس سے مشروط رہی ہے۔