جاکووچ اور ندال فرنچ اوپن کے فائنل میں

رافیل ندال نے سیمی فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی
،تصویر کا کیپشنرافیل ندال نے سیمی فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی
وقت اشاعت

سربیا کے نواک جاکووچ اور سپین کے رافیل ندال فرنچ اوپن گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

جمعے کو رولینڈ گیروس میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سیکنڈ سیڈ نواك جوکووچ نے 18 ویں رینکنگ کے حامل لیٹویا کے ارنسٹ گلوس کو چار سیٹس میں شکست دی۔

میچ کا سکور چھ تین، چھ تین، تین چھ اور چھ تین رہا۔

فائنل میں ان کا مقابلہ کلے کورٹ کے بادشاہ کہے جانے والے ہسپانوی کھلاڑی رافیل ندال سے ہوگا جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

دفاعی چیمپیئن ندال نے یہ میچ چھ تین، چھ دو اور چھ ایک سے جیتا۔

نڈال نوویں مرتبہ فرنچ اوپن کا فائنل کھیلیں گے۔ وہ ماضی میں آٹھ مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں اور یہ کارنامہ سرانجام دینے والے ٹینس کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

مردوں کا فائنل مقابلہ اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ سنیچر کو خواتین کے فائنل میں روس کی ماریا شیرا پووا، رومانیہ کی سمونا ہالپ کا سامنا کریں گی۔

شیرا پووا نے مسلسل تیسرے سال فرنچ اوپن کے سنگلز فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

گزشتہ سال فائنل میں وہ امریکہ کی سرینا ولیمز سے ہار گئی تھیں۔

اگر شیرا پووا یہ فائنل جیت جاتی ہیں تو یہ ان کے ٹینس کیریئر کا پانچواں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہوگا۔