ورلڈکپ 2014: فرانس کی آسان فتح

،تصویر کا ذریعہAFP
بیسویں ورلڈ کپ کے چوتھے روز فرانس نے ہونڈورس کو باآسانی تین صفر سے ہرا دیا ہے۔
فرانس کی ٹیم جسے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے سخت محنت کرنی پڑی تھی اور ماہرین اسے فرانس کی ’بدترین‘ فٹبال ٹیم قرار دے رہے تھے، ہونڈورس کو ٹہلتے ٹہلتے ہرا دیا۔
میچ کے کسی مرحلے پر بھی ہونڈورس کی ٹیم فرانس کے لیے کوئی خطرہ پیدا نہ کر سکی اور قریباً سارا وقت اپنے ہاف میں اپنے گول کا دفاع کرتی نظر آئی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
فرانس کے الجیریائی نژاد کھلاڑی کریم بیزیما نے اس میچ میں دوگول کیے۔ تیسرا ’اون‘ گول ہونڈورس کے گول کیپر کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔فرانس اور ہونڈورس کے میچ میں پہلی بار گول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال کیاگیا۔
فزیکل کھیل کے مشہور ہونڈورس کی ٹیم کو بیس منٹ بعد اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب دفاعی کھلاڑی پلاسیو کو میچ کا دوسرا ییلو کارڈ ملا اور اس طرح انہیں ریڈ کارڈ کھا کر میدان سے نکال دیا گیا۔
فرانس کے نوجوان کھلاڑی پاؤل پوگبا نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مڈ فیلڈ میں مکمل کنٹرول میں نظر آئے۔ ماہرین کی نظر میں پاؤل پوگبا مستقبل کے ایک بڑے سٹار ہیں اور ورلڈ کپ کے اختتام تک بڑے بڑے کلب ان کا پیچھا کر رہے ہوں گے۔
سوئٹزرلینڈ نے ایکواڈور کو ہرا دیا
اس سے قبل سوئٹزرلینڈ نے ایکواڈور کو دو ایک ہرا دیا تھا۔
بیسویں ورلڈ کپ کے چوتھے روز گروپ ای کے پہلے میچ میں سوئٹزلینڈ نے ایکواڈور کو آخری لمحات میں گول کر کے 2 - 1 سے شکست دے دی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے ہیرس سیفرو وچ نے ریکارڈو روڈریگز کے پاس پر انجری ٹائم میں گول کر کے میچ جتوا دیا۔
سوئٹزرلینڈ نے اس میچ میں ایکواڈور کے گول پر سترہ حملے کیے جن میں سے چھ ٹارگٹ پر تھے۔
میچ کا پہلا گول 22ویں منٹ میں ایکواڈور کے اینر ولینسیا نے فری کِک پر ہیڈ مار کر کیا۔
دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہیں 48 ویں منٹ میں سوئٹزرلینڈ کے ایڈمیر محمدی نے گول سکور کر کے میچ کو برابر کر دیا۔
میچ میں بال پر 62 فیصد کنٹرول سوئٹزرلینڈ کا رہا اور وہ کئی مرتبہ اچھی پوزیشن بنانے کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
گروپ ای کا دوسرا میچ آج فرانس اور ہونڈورس کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اتوار کو ورلڈ کپ کے آخری میچ میں ارجنٹینا لائنل میسی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ میسی کو موجودہ دور کا سب سے بہترین کھلاڑی سمجھا جاتا ہے۔
ارجنٹینا کی ٹیم میسی کے علاوہ سرجیو اگویرو، ہگوائین، اینگلا ڈی مریا جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق ارجنٹینا کے پاس اس وقت دنیا کے بہترین سٹرائیکر ہیں لیکن اس کے پاس اچھے دفاعی کھلاڑیوں کی کمی ہے۔
ارجنٹینا کے دفاع کی ذمہ داری بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی میشرانو اور مانچسٹر سٹی کے زیبلیتا پر ہو گی۔















