فٹبال ورلڈ کپ: میسی آج پھر میدان میں اتریں گے

ارجنٹائن کی جانب سے اس ورلڈ کپ میں کیے گئے چھ گولوں میں سے چار میسی نے کیے ہیں
،تصویر کا کیپشنارجنٹائن کی جانب سے اس ورلڈ کپ میں کیے گئے چھ گولوں میں سے چار میسی نے کیے ہیں
وقت اشاعت

برازیل میں کھیلے جانے والے 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ میں ناک آؤٹ مرحلے کے مقابلے جاری ہیں اور منگل کو پہلے میچ میں ارجنٹائن سوئٹزرلینڈ کا سامنا کرے گا جبکہ دوسرے میچ میں امریکہ اور بیلجیئم کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔

ارجنٹائن کی ٹیم پہلے مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے تینوں میچ جیت کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچی ہے جبکہ سوئس ٹیم نے دو گروپ میچوں میں فتح حاصل کی تھی جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی تھی۔

ارجنٹائن کی ٹیم کوارٹر فائنل تک پہنچنے کی دوڑ میں ایک مرتبہ پھر اپنے سٹار فٹبالر لیونیل میسی پر بھروسہ کرے گی جو تین میچوں میں چار گول کر کے اپنی ٹیم کی اب تک کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔

ادھر سوئس ٹیم کو اپنے ان فارم سٹرائیکر شاکیری کی خدمات حاصل ہیں جنھوں نے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں ہونڈوراس کے خلاف ہیٹ ٹرک سکور کی تھی۔

ارجنٹائن کی ٹیم آج تک کسی میچ میں سوئٹزرلینڈ سے نہیں ہاری اور گذشتہ چھ میچوں میں ارجنٹائن نے 14 گول کیے ہیں۔

اس میچ میں ارجنٹائن کو اپنے سٹار فارورڈ سرجیو اگویریو کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جو زخمی ہونے کی وجہ سے اس مقابلے میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

ارجنٹائن کو اپنے سٹار فارورڈ سرجیو اگویریو کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا
،تصویر کا کیپشنارجنٹائن کو اپنے سٹار فارورڈ سرجیو اگویریو کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا

ان کی جگہ فرانسیسی کلب پی ایس جی کی طرف سے کھیلنے والے ایسیکیئل لاویسی کو کھلایا جا سکتا ہے۔

60 سال قبل ورلڈ کپ میں اپنا آخری کوارٹر فائنل کھیلنے والی سوئٹزرلینڈ کو یہ میچ اپنے دفاعی کھلاڑی فان برگن کے بغیر کھیلنا ہوگا۔

دن کا دوسرا میچ پہلے مرحلے میں گروپ ایچ میں سرفہرست رہنے والی بیلجیئم کی ٹیم اور امریکی ٹیم کے مابین ہوگا۔

اب تک اس ٹورنامنٹ میں بیلجیئم کی کارکردگی عمدہ رہی ہے تاہم اس میچ میں بیلجیئم کے لیے بری خبر ان کے کپتان اور سٹار کھلاڑی ونسنٹ کومپنی کا زخمی ہونا ہے۔ ابھی تک ان کی اس میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

پرتگال اور گھانا کو پیچھے چھوڑنے والی امریکی ٹیم کو ایک ایسی ٹیم کا سامنا ہے جس نے تین میچوں میں صرف ایک گول کھایا ہے اور وہ بھی پنلٹی پر۔

بیلجیئم اور امریکہ کی ٹیموں کی کارکردگی کا اگر جائزہ لیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ بیلجیئم کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں زیادہ مشکل نہیں ہونی چاہیے لیکن یہ ورلڈ کپ اب تک حیران کن نتائج دیتا آیا ہے۔