يوراج، سہواگ، گوتم ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty
بھارت نے سنہ 2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 30 کھلاڑیوں پر مشتمل ابتدائی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
گذشتہ عالمی کپ میں بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر یوراج سنگھ کے علاوہ وریندر سہواگ، ظہیر خان، گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے نام اس سکواڈ میں شامل نہیں۔
ممکنہ کھلاڑیوں کا فیصلہ جمعرات کو ممبئی میں بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کے بعد ان کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست جاری کی گئی۔
کرکٹ کا عالمی مقابلہ آئندہ برس فروری اور مارچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔
2011 میں ہونے والے ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے صرف چار ارکان کپتان مہندر سنگھ دھونی، ویراٹ کوہلی، روی چندرن ایشون اور سریش رائنا اس مرتبہ ابتدائی سکواڈ میں جگہ بنا سکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اس ٹیم میں سے سچن تندولکر ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ یوراج سنگھ، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، ہربھجن سنگھ اور ظہیر خان تقریباً ایک برس سے بھارت کی ایک روزہ ٹیم سے باہر ہیں۔
بھارتی سلیکٹروں نے ورلڈ کپ کے لیے زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
30 ممکنہ کھلاڑیوں میں دس بلے باز، نو فاسٹ بولر، سات سپنر اور چار وکٹ کیپر شامل ہیں۔
یہ ابتدائی سکواڈ مہندر سنگھ دھونی، شیکھر دھون، روہت شرما، اجنكيا رہانے، رابن اتھپا، ویراٹ کوہلی، سریش رائنا، امباتی رائيڈو، کیدار جادھو، منوج تیواری، منیش پانڈے، ورددھمان ساہا، سجو سیمسن، آر ایشون، پرویز رسول، کرن شرما، امت مشرا، رویندر جڈیجا، پٹیل، ایشانت شرما، بھوونیشور کمار، محمد شامی، امیش یادو، ورون ایرن، دھول کلکرنی، سٹورٹ بني، موہت شرما، اشوک ڈِنڈا، کلدیپ یادو اور مرلی وجے پر مشتمل ہے۔















