ایشیئن کرکٹ کونسل 32 سال بعد ختم

،تصویر کا ذریعہACC
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
ایشیئن کرکٹ کونسل 32 سال تک اپنی موجودہ حیثیت میں قائم رہنے کے بعد 30 جون کو ختم کی جا رہی ہے۔
ایشیئن کرکٹ کونسل کا آخری اجلاس کوالالمپور میں سری لنکن کرکٹ کے عبوری صدر سداتھ ویٹمنی کی صدارت میں ہوا۔ ایشیئن کرکٹ کونسل کا صدر دفتر 13 سال سے کوالالمپور میں قائم رہا ہے۔
ایشیئن کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو اشرف الحق کے مطابق مستقبل میں ہونے والے ایشیا کپ مقابلوں کے میزبانوں کا فیصلہ اب ایشیائی ممالک کے کرکٹ بورڈز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز باہمی طور پر کیا کریں گے۔
واضح رہے کہ ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا ہے کہ آئندہ سال مارچ میں ایشیا کپ کس ملک میں ہو گا۔
ایشیئن کرکٹ کونسل کے ختم کیے جانے کے بعد ایشیائی ممالک میں کرکٹ کے فروغ کے منصوبے آئی سی سی کے تحت عمل میں آئیں گے، اور ایشیئن کرکٹ کونسل کے دو افسران جن میں سری لنکا کے سابق کپتان بنڈولا ورنا پورا بھی شامل ہیں، آئی سی سی کا حصہ بن جائیں گے۔
اسی طرح اقبال سکندر، وینکٹا پارتھی راجو، رمیش رتنائیکے اور امین الاسلام بھی آئندہ سال دسمبر تک آئی سی سی کے ڈیویلپمنٹ آفیسرز بن جائیں گے۔
ایشیئن کرکٹ کونسل اپنی سرگرمیاں محدود پیمانے پر سنگاپور سے جاری رکھے گی اور پاکستان کے سلطان رانا اور سری لنکا کے توشیت پریرا سنگاپور میں رہیں گے۔















