روسی فوجی پریڈ، جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش

پریڈ میں جدید T 14 ٹینکوں نے بھی حصہ لیا
،تصویر کا کیپشنپریڈ میں جدید T 14 ٹینکوں نے بھی حصہ لیا
وقت اشاعت

دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف روس کی فتح کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر ماسکو کے مرکز میں روسی مسلح افواج کے دستوں کی پریڈ ہوئی۔

اس فوجی پریڈ میں روسی فوج کے تمام شعبوں نے شرکت کی اور روس کے جدید ترین ’ملٹری ہارڈیور‘ کی نمائش کی گئی۔

روسی فوج کے جن جدید ترین ہتھیاروں کی اس پریڈ میں نمائش کی گئی ان میں ’آر ایس 24 یار‘ میزائل شامل تھے جو طویل فاصلوں پر مار کر سکتے ہیں اور ان میں جوہری ہتھیاروں کو لیے جانے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

لڑاکا طیارے، بمباری طیارے اور ہیلی کاپٹروں نے ماسکو کے ریڈ سکوائر کے اوپر پروازیں کیں۔ ان طیاروں میں وہ بھی شامل تھے جنہیں حال ہی میں شام میں استعمال کیا گیا جہاں روس کی فوج شامی حکومت کی مدد کر رہی ہیں۔

اس پریڈ میں روس میں حال ہی میں قائم کی گئی نئی فورس نیشنل گارڈ کے دستے بھی شریک تھے۔

نیشنل گارڈ جدید ہتھیاروں سے لیس ہو ں گے اور ان کے فرائض میں دہشت گردوں اور منظم جرائم کے خلاف کارروئی کرنا شامل ہوگا۔

اس پریڈ میں دس ہزار فوجی، 135 بکتر بند گاڑیاں اور 71 طیارے بھی شامل تھے۔

پریڈ کے دوران ملی نغمے بھی چلائے جا رہے تھے۔ خیال رہے کہ نیٹو سے یوکرائن کے معاملے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں روس اپنی فوج کو جدید طرز پر تیار کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔

پریڈ روس کے لیے بین الاقوامی دنیا کو اپنی فوجی طاقت دیکھانے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔