افغان صحافی پرویز کم بـخش رہا

- مصنف, حسن مجتبٰی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک
- وقت اشاعت
دنیا بھر میں صحافیوں کے تحفظ کیلیے کام کرنے والی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کہا ہے کہ افغان صحافی پرویز کم بـخش جنہیں توہین مذہب کے الزام میں سزائے موت سنائی گئي تھی وہ بیس سال کی سزائے قید سے رہا کردیے گۓ ہیں۔
گذشتہ روز نیویارک میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹسس یا سی پی جے کے ایشیا کے لیے کو آرڈینیٹر بوب ڈیزیئٹ نے کل تک اسیر افغان صحافی کے بھائي یعقوب ابراہیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغان صحافی پرویز کمبخش رہا کردیے گۓ ہیں۔
بوب ڈيزئيٹ کا کہنا ہے کہ افغان صحافی جنہیں توہین مذہب کے الزام میں پہلے سزائے موت سنائی گئی اور پھر اس سزا کو بیس سال کی سزائے قید میں بدل دیا گيا تھا کی رہائي ان کی آزادی کے لیے کی جانیوالی بین الاقوامی کوششوں اور عالمی سفارتی دباؤ کا مشترکہ نتیجہ ہے۔
سی پی جے کا کہنا ہے کہ صحافی پرویز کمبخش کی رہائي افغانتسان میں میڈیا کے لیے اس ماحول میں روشنی کی سی لکیر ہے جہاں صحافیوں کو کام کے میدان میں شدت پسندوں، جنگجو سرداروں، ڈرگ مافیا، جرائم پیشہ گروہوں اور حکومتی عملدار اپنے میڈیا مخالف ایجنڈے کی بنا پر ہرطرف سے نشانہ بناتے ہیں۔















