امریکہ کو ایران کی پیشکش قبول

ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے
،تصویر کا کیپشنایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے
وقت اشاعت

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ ایران کی ’جامع‘ مذاکرات کی پیشکش کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایران نے بدھ کو ’جامع اور بامقصد‘ مذاکرات کی پیشکش کی تھی لیکن اپنے جوہری پروگرام کے اہم مسئلے پر کوئی بات نہیں کی۔

امریکہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ’اس پیشکش سے ہمارے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں خدشات دور نہیں ہوں گے‘ لیکن ہم ’ اس بات کا امتحان لینے کو تیار ہیں کہ ایران بات چیت کا کتنا خواہاں ہے‘۔

امریکہ چاہتا ہے کہ ایران یورینیم کی افزوگی بند کر دے جو اس کے بقول ایران جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کرے گا جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے فلپ کراولی کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے جاری کیے گئے دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ’بات چیت کے لیے تیار ہے‘ لیکن ان کے مطابق ’اس دستاویز میں ہمارے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں خدشات کا کوئی ذکر نہیں ہے‘۔

مسٹر کراولی نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جلد ہی میٹنگ کرنا چاہیں گے اور دیکھیں گے کہ ایران اپنی پیشکش میں کتنا سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا ’اگر ہماری ملاقات ہوئی تو ہم جوہری مسئلے کو بھی زیر بحث لائیں گے اور دیکھیں گے کہ ایران کا اس پر کیا ردعمل ہوتا ہے‘۔

دنیا کے چھ بڑے ممالک امریکہ، روس، چین، فرانس، جرمنی اور برطانیہ ایران کو یورینیم کی افزودگی روکنے کے بدلے سفارتکارانہ پیشکشیں کرتے آئے ہیں۔

جمعہ کو روس کے وزیرِ اعظم ولادمیر پوتن نے ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے اس پر کسی فوجی حملے یا نئی اقتصادی پابندیاں لگانے کے متعلق خبردار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایران پر ’کوئی بھی حملہ، بہت خطرناک اور ناقابلِ قبول ہوگا اور اس سے وسیع پیمانے پر دہشت گردی ہونے کا امکان ہے۔‘

وزیرِ اعظم پوتن نے ایران سے بھی کہا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے متعلق ذرا تحمل کا مظاہرہ کرے۔