وینز ویلا روسی میزائل لے گا

وینز ویلا کے صدر ہیوگو شاویز نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک جلد ہی تین سو کلو میٹر تک مار کرنے والے روسی میزائل وصول کرنے والا ہے۔
حال ہی میں افریقہ، ایشیا اور روس سمیت یورپ کا دس روزہ دورہ کرنے والے ہیوگو شاویز ٹی بہتّر اور ٹی چھہتّر خریدنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے ایوان صدر میں اعلان کیا کہ جلد ہی کچھ چھوٹے راکٹ آنے والے ہیں اور وہ ناکام نہیں ہوں گے۔
لیکن انہوں نے اس کی تردید کی کہ ان راکٹوں کو حملوں کے لیے استعمال کیاجائے گا۔
ان کا کہنا تھا ’ہم کسی پر حملہ نہیں کر رہے۔ یہ صرف دفاعی مقصد کے لیے ہیں۔ کیونکہ ہم اپنے ملک کو کسی بھی خطرے سے محفوظ کرنا چاہتے ہیں، جو کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی پیدا ہو سکتا ہے‘۔
وینز ویلا کا ہمسایہ ملک کولمبیا اپنے ہوائی اڈوں کی سہولت امریکہ کو دینا چاہتا ہے جس پر وینز ویلا کو اعتراض ہے۔
کولمبیا کا کہنا ہے کہ امریکی افواج اسے منشیات اور بائیں بازو کے چھاپہ ماروں کے خلاف مدد دیں گی اور اس سے علاقائی توازن غیر مستحکم نہیں ہو گا۔
شاویز امریکی خارجہ پالیسی کے کڑے نقاد ہیں اور انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کتنے میزائل کا سودا کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روس لاطینی امریکہ میں وینز ویلا سمیت کئی ملکوں سے اپنے تعلقات مضبوط کر رہا ہے۔
گزشتہ نومبر میں دونوں ملکوں کی بحری افواج وینز ویلا کی سمندری حدود میں مشقیں بھی کر چکی ہیں۔



















