اوباما پرتنقید نسل پرستی پرمبنی

جمی کارٹر
،تصویر کا کیپشناوباما امریکی ریاست اور حکومت کے سربراہ ہیں اور ان کا احترام کیا جانا چاہئیے:جمی کارٹر
وقت اشاعت

سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا کہنا ہے کہ اوباما کی صحت اور اخراجات سے متعلق پالیسیوں کی تنقید نسل پرستی کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔

جمی کارٹر نے ٹاؤن ہال کی ایک میٹنگ میں کہا کہ کچھ لوگوں کے اندر اس طرح کے جذبات ہیں کہ ایک سیاہ فام کو امریکہ کا صدر نہیں ہونا چاہئے۔

گزشتہ بدھ کو کانگریس میں صدر اوباما کی جانب سے ہیلتھ کیئر پر تقریر کے دوران ریپبلکن رکن پارلیمان جو ولسن نے چلا کر کہا تھا’ تم جھوٹے ہو‘ جسے پارلیمان کے آداب کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

کنزرویٹو کے کچھ اراکان نے اوباما کے حامیوں پر الزام لگایا کہ وہ نسل پرستی کے کارڈ کو استعمال کر رہے ہیں۔

بی بی سی کے امریکی ایڈیٹر مارک مارڈل کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ٹاؤن ہال کے اجلاسوں اور ٹیکس ادا کرنے والوں کے مظاہروں میں اوباما کے خلاف ناراضگی ظاہر کی گئی۔

کچھ لوگوں نے نہ صرف اوباما کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا بلکہ ان پر خود سر ہونے کا الزام بھی لگایا۔مسٹر ولسن کے برتاؤ پر پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں جمی کارٹر نے کہا کہ اوباما امریکی ریاست اور حکومت کے سربراہ ہیں اور ان کا احترام کیا جانا چاہئیے۔

مسٹر ولسن اپنے اس برتاؤ کے لیے اوباما سے ذاتی طور پر معافی مانگ چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے ان کی معافی قبول کر لی ہے اور اب اس معاملے کو آگے نہیں بڑھانا چاہئیے۔