ایڈیڈاس اور پومامیں جھگڑاختم

کھیلوں کےساز و سامان بنانے والی جرمنی کی دو مشہور کمپناں پوما اور ایڈیڈاس نے اپنی ساٹھ برس پرانی رقابت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کے بانی دو سگے بھائیوں کے درمیان اختلافات کے وجہ سے یہ رقابت شروع ہوئی تھی۔
جرمنی کےدو سگے بھائی ایڈی اور روڈلف ڈیسلر نے سنہ انیس سو بیس میں اپنی ماں کے حمام خانے میں ایک ساتھ جوتے بنانے کی شروعات کی تھی۔
لیکن دوسری عالمی جنگ کے درمیان ممکنہ طور پر سیاسی اختلافات کے سبب وہ ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے اور جنوبی جرمنی کے دریا کے ایک جانب ایک بھائی نےاور دوسری طرف دوسرے بھائی نے اپنی الگ الگ کمپنیاں قائم کی تھیں۔
تب سے آج تک ان دونوں کمپنیوں کے درمیان وہی رقابت برقرار تھی لیکن پیر اکیس ستمبر کے روز دونوں کمپنیوں کے ملازم ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے اور پھر ایک فٹبال میچ بھی کھیلیں گے۔
دونوں کمپنیوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امن کے فروغ کی حمایت کے لیے تنظیموں نے اختلافات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر اکیس ستمبر کا دن ان کے لیے ’ یوم امن‘ بھی ہے۔
بیان کے مطابق جب سے دونوں بھائیوں نے سنہ انیس سو اڑتالیس میں مشترکہ کام چھوڑا تھا اس کے بعد سے یہ مشترکہ تقریب پہلی بار ہوگي۔
یہ دونوں کمپنایاں جرمنی کے ہرزوگنیروچ کے بوارین شہر میں قائم ہیں جہاں جوتا بنانے والی برادری میں اس کے زبردست چرچے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دونوں بھائیوں نےسنہ انیس سو اڑتالیس میں جب الگ الگ کمپنیوں کی بنیادیں رکھیں تو علاقے کے باسی، جو زیادہ تر انہیں کمپنیوں کے ملازم تھے، وہ بھی دوگرہوں میں تقسیم ہوگئے تھے۔
لیکن اب ان دونوں کمپنیوں کی ملکیت ایڈی اور روڈلف کے خاندان کے کسی بھی فرد کے پاس نہیں ہے۔ روڈلف کے پوتے فرینک ڈیسلر نےاگرچہ ان دونوں کمپنیوں کے لیے کام کیا تھا لیکن وہ بھی ان سے خوش نہیں تھے۔
دو ہزار سات سے پوما کمپنی فرانس کی ایک قیمتی اشیاء بنانے والی کمپنی پی پی آر کے پاس ہے۔ یہی کمپنی گوچی کو بھی چلاتی ہے۔
ایڈیڈاس کمپنی اب کسی ایک شخص کی ملکیت میں نہیں ہے۔ اس کے پچاس فیصد سے زیادہ شیئر مختلف لوگوں کے پاس ہیں۔



















