قاتل ماں کو 33 سال کی سزا

اپنی دو بیٹیوں کا سوتے میں قتل کرنے والی ماں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جس میں کم سے کم 33 سال تک جیل میں گزارنے ہوں گے۔
کیمبرج کراؤن کورٹ نے اکتالیس سالہ ریکھا کماری بیکر کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ یہ’ گھناؤنا جرم سوچ سمجھ کر‘ کیا گیا ہے۔
ریکھا کماری نے باورچی خانے میں استعمال ہونے والی چھریوں سے اپنی سولہ سالہ بیٹی دوینا پر 37 اور تیرہ سال کی جیسمین پر 29 وار کیے۔ریکھا نے جون 2007 میں لڑکیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ وہ اکیلی اس قتل کی ذمہ دار نہیں ہے۔
جدید برطانیہ میں کسی خاتون کو دی جانے والی یہ اب تک کی سب سے زیادہ سزا ہے۔
سزا سناتے ہوئے جسٹس بین نے کہا کہ ریکھا کو 2040 تک پیرول پر بھی نہیں چھوڑا جا سکتا۔ جج کا کہنا تھا کہ ریکھا پر بے رحمی سے دو قتل کرنے جرم ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا ’لوگوں کے لیے اس بات پر یقین کرنا مشکل ہوگا کہ ایک ماں اپنے بچوں کو اتنی بے رحمی سے قتل کر سکتی ہے اور تم نے اس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی‘۔
جج کا کہنا تھا کہ ’تم نے یہ قتل پورے ہوش وحواس میں کیے ہیں‘۔استغاثہ کا کہنا تھا کہ ریکھا اپنے سابق شوہر ڈیوڈ بیکر کو تباہ برباد کرنا چاہتی تھی۔جیوری کو بتایا گیا کہ ریکھا اپنے سابق شوہر کا نیا تعلق شروع ہونے اور اپنے بوائے فرینڈ سے تعلقات ختم ہونے سے ناخوش تھی۔
ریکھا کا کہنا ہے کہ قتل کے وقت اس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔















