سڈنی میں ریت کا طوفان

سڈنی
،تصویر کا کیپشنسڈنی کے بڑی اور مشہور ترین عمارتیں دھندلی نظر آنے لگیں
وقت اشاعت

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کو ریت کے طوفان نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ریت کے اس طوفان نے شہر کو اس طرح گرفت میں لیا کہ کچھ بھی صاف دکھائی نہیں دے رہا تھا ائرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں اور آنے والی پروازوں کو دوسرے مقامات پر اترنے کے لیے کہا گیا اتنا ہی نہیں بندرگاہوں کا ٹریفک بھی متاثر ہوا۔

بڑی تعداد میں ایسے لوگوں نے ایمرجنسی نمبروں پر فون کیے جنہیں دھول مٹی کے سبب سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی۔بچوں اور بزرگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔

سڈنی کے بڑی اور مشہور ترین عمارتیں دھندلی نظر آنے لگیں اور بہت سے لوگ ماسک پہنے دکھائی دیے۔

بڑی بڑی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ سڈنی کے ایک باشندے نے خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ انہوں نے 72 سال کی اپنی عمر میں ایسا طوفان اور اس کا ایسا رنگ نہیں دیکھا تھا۔

محکمہء ماحولیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ تیز ہوائیں بدھ کی شام تک کم ہو جائیں گی۔سڈنی میں بی بی سی کے نامہ نگار فل مرسر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے لیے پچھلے چوبیس گھنٹے کافی مشکل رہے۔

نیو ساؤتھ ویلز کے کچھ علاقوں میں زبردست ژالہ باری سے لوگوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے جبکہ شمالی علاقے کوئینز لینڈ میں افسران نے کھلے علاقے میں آگ پر پابندی لگا دی ہے جہاں حال ہی میں شدید گرم اور خشک موسم کے دوران جنگلوں میں شدید آگ لگی تھی۔

منگل کو وکٹوریا ریاست میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔