انعام میں کلاشنکوف

صومالیہ کے شدت پسندوں کی طرف سے گزشتہ ماہ رمضان میں منعقد کیا گیا معلوماتِ عامہ کا مقابلہ (کویز) جیتنے والوں کو انعام میں اسلحہ اور گولہ بارود دیا گیا ہے۔
انعامات میں اے کے۔47، رائفلز، ہینڈ گرینیڈ، اور ٹینک شکن بارودی سرنگیں شامل ہیں۔
ماہِ رمضان میں صومالیہ کے ساحلی شہر کسمایو میں منعقد کیے گئے مقابلے میں قرآن اور صومالیہ کے جغرافیے کے متعلق سوالات پوچھے گئے تھے۔
شدت پسند گروہ الشباب کے ایک نمائندے نے کہا ہے کہ اس مقابلے کا مقصد تھا کہ نوجوانوں اپنا وقت ضائع نہ کریں اور اپنے علاقے کے دفاع پر توجہ مرکوز کریں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے الشباب کے شیخ عبداللہ الحاق سے منسوب ایک بیان میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو اسلحہ انعام میں دینے کا مقصد ان کا حوصلہ بڑھانا تھا کہ وہ اللہ کے دشمنوں کے خلاف جہاد میں شرکت کریں۔ اے ایف پی کے مطابق یہ بیان انہوں نے جمعہ کو تقسیمِ انعامات کی تقریب کے دوران دیا۔
جیتنے والی فرجانو ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو ایک رائفل، دو گرینیڈ، بارودی سرنگ اور آفس کی دوسری چیزیں انعام کے طور پر دی گئیں۔
لیکن دوسرے نمر پر آنے والے بھی خالی ہاتھ نہیں گئے۔ ان کو ایک اے کے۔47 اور گولیاں دی گئیں۔
الشباب اور دیگر باغی اسلامی گروہوں کا جنوبی اور وسطی صومالیہ پر قبضہ ہے جہاں انہوں نے شریعت نافذ کر رکھی ہے۔ ان گروہوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ ان کے القاعدہ سے روابط ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ملک میں آخری فعال مرکزی حکومت 1991 تک تھی۔
اقوامِ متحدہ کی حمایت سے چلنے والی کمزور حکومت صرف دارالحکومت موگادیشو کے چند حصوں تک محدود ہے۔



















