انڈونیشیا کی سمندری حدود میں زلزلہ

’یو ایس جیولوجیکل سروے‘ کے مطابق انڈونیشیا میں ساحل کے قریب سمندر میں زلزلہ آیا ہے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 0ء7 درجہ بتائی گئی ہے۔
یہ زلزلہ مشرقی تیمور کے مشرق میں مالوکو جزائر کے قریب باندھا سمندر میں آیا۔
یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 23:40 (14:40 جی ایم ٹی) بجے آیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 0ء7 ریکارڈ کی گئی اور یہ سمندر میں بانوے میل (ایک سو اڑتالیس کلومیٹر) کی گہرائی میں آیا۔ اس زلزلے کے بعد انڈونیشیا میں حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کی تھی جو بعد میں واپس لے لی گئی۔
انڈونیشیا ایسے خطے میں واقع ہے جہاں زیرِ زمین اور زیرِ آب تبدیلیوں کی وجہ سے اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں انڈونیشیا میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ ستمبر میں جاوا کے قریب شدید زلزلے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ سماٹرا میں آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد تھی۔
مقامی افراد نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کرتے ہی اونچی جگہ پر پناہ لی تاہم کسی کے ہلا یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ زلزلہ اتنی گہرائی میں آیا ہے جس سے سونامی آنے کا خطرہ نہیں ہے۔















