سر جُڑی بچیوں کا آپریشن کامیاب

ان بچیوں کوسرجنز کی ایک ٹیم نےمنگل کے روز پچیس گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد علحیدہ کیاتھا۔
،تصویر کا کیپشنان بچیوں کوسرجنز کی ایک ٹیم نےمنگل کے روز پچیس گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد علحیدہ کیاتھا۔
وقت اشاعت

ڈاکٹروں نےآسٹریلیا میں طویل آپریشن کے بعد سرجُڑی جڑواں بچیوں، ٹریشنا اور کرشنا، کوعلیحدہ کر دیا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ دونوں بہت جلد تندرست ہو جائیں گی۔ ان میں ایک بچی پہلے ہی ہوش میں آ چکی ہے اورغیرمعمولی طور پر تندرست دکھائی دے رہی ہے۔

یہ دونوں جڑواں بچیاں، جو اگلے مہینے تین برس کی ہو جائیں گی، سروں سے جُڑی ہوئی تھیں اور ان کے دماغ کے ٹشو اور خون کی رگیں مشترکہ طور پر کام کر رہیں تھیں۔

ان بچیوں کوسرجنوں کی ایک ٹیم نےمنگل کے روز پچیس گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد علیحدہ کیا تھا۔

ملبورن رائل چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں کےمطابق ٹریشنا اور کرشنا کی غیر معمولی تندرستی نے انھیں حیران کر دیا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ’ ٹریشنا کاما سے باہر آ چکی ہے اور نارمل لوگوں کی طرح باتیں کر رہی ہے۔‘ ان کا کہنا ہے کہ ’ ٹریشنا بالکل ٹھیک دکھائی دیتی ہے اور پہلے کی طرح برتاؤ کر رہی ہے۔‘

ڈاکٹروں نے بتایا کہ کرشنا کو آج کسی بھی وقت کاما سے باہر نکالا جائے گا اور اسے مکمل طور پر صحت مند ہونے میں وقت لگے گا کیونکہ وہ ابھی اس کے جسم اور دورانِ خون میں مزید تبدیلیاں کریں گے۔