تھائی لینڈ: مال بردار جہاز تحویل میں

تھائی لینڈ میں حکام نے ایک مال بردار ہوائی جہاز تحویل میں لے کر اس کے عملے کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق جہاز میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود موجود تھا۔ عملے سے ابتدائی تفتیش کے بعد تھائی حکام نے بتایا ہے کہ یہ مال بردار جہاز شمالی کوریا سے جنوبی ایشیا کے کسی ملک جا رہا تھا۔ تھائی حکومت کے ترجمان کے مطابق خفیہ اداروں نے کئی دنوں سے اِس جہاز کی سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی تھی۔ جب جہاز بنکاک کے ڈان مووانگ ائر پورٹ پر تیل بھروانے کے لیے اترا تو سکیورٹی کے ادارے اس کے انتظار میں تھے۔ وہیں پر جہاز کو گھیرے میں لے کر عملے کو گرفتار کر لیا گیا۔ تھائی لینڈ کے سرکاری ترجمان وتنا یاکورن نے بتایا کہ ماہرین جہاز پر لادے گئے سامان کا جائزہ لے رہے ہیں جس میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود شامل ہے۔ تھائی لینڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کہ جہاز میں بڑی مقدار میں اسلحہ موجود ہے۔ اور ابتدائی جائزے کے بعد تفتیش کاروں نے بتایا ہے کہ اسلحے میں مخصوص قسم کے میزائل، دھماکہ خیز مواد اور جنگی ہتھیار شامل ہیں۔ تھائی لینڈ کے ترجمان کے بقول جہاز کی رجسٹریشن مشرقی یورپ کے ایک ملک کی ہے اور ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے شمالی کوریا سے روانگی کے بعد اس کی منزل جنوبی ایشیا کا کوئی ملک تھا۔ مزید تحقیقات کے بعد توقع ہے کہ آج تھائی لینڈ کی حکومت اس ملک کے نام کا انکشاف کرے گی جہاں اسلحے سے بھرا یہ جہاز جا رہا تھا۔ تھائی سکیورٹی ادارے جہاز کے عملے سے تفتیش کر رہے ہیں جن میں سے چار کا تعلق قازقستان اور ایک کا تعلق بیلاروس سے بتایا گیا ہے۔















