سرکاری ملازمین کے ٹی وی دیکھنے پر پابندی

گھانا کے صدر جان عطاء ملز نے سرکاری ملازمین پر افریقہ کپ آف نیشنز فٹبال ٹورنامنٹ کے شروع ہوتے ہی کام کے دوران ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
گھانا کی وزارتِ اطلاعات کے مطابق صدر کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا ہے۔
گھانا کی حکومت کو اس بات پر تشویش ہے کہ ملازمین نائجیرین سوپ اوپیراز کے عادی بنتے جا رہے ہیں۔ ایسی پابندی نائجیریا کے سرکاری ملازمین پر چند ماہ قبل بھی عائد کی گئی تھی۔
گھانا کے ڈپٹی وزیر اطلاعات سیموئیل ابلاکوا نے بی بی سی کے ڈیوڈ امانر کو بتایا کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو ڈسلپنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔
سیموئیل ابلاکوا کا کہنا ہے انہوں نے وزیر اطلاعات ہونے کے باوجود کبھی بھی کام کے دوران ٹی وی نہیں دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق سرکاری ملازمین صبح آٹھ بجے سے لیکر دوپہر ساڑھے بارہ بجے اور دوپہر ڈیڑھ بجے سے لیکر شام ساڑھے پانچ بجے تک ٹی وی نہیں دیکھ سکیں گے۔ ان کے مطابق سرکاری ملازمین ان اوقات کے علاوہ فٹبال میچ دیکھ سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ یہ بات یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اس پابندی سے فٹبال سے لگاؤ رکھنے والے افراد کس حد تک متاثر ہوں گے۔
یاد رہے کہ گھانا کی فٹبال ٹیم اپنا پہلا میچ آیئوری کوسٹ کے خلاف جمعے کے روز کھیلے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















