یمن:صومالی قزاقوں کے لیے سزائے موت

وقت اشاعت

یمن کی ایک عدالت نے چھ صومالی بحری قزاقوں کو سزائے موت اور چھ کو قید کی سزا سنائی ہے۔

ان قزاقوں نے پچھلے سال اپریل میں ایک یمنی آئل ٹینکر کو اغواء کیا تھا۔

یمنی فوج نے دوسرے دن ہی اس ٹینکر کو قزاقوں کے قبضے سے چھڑا لیا تھا تاہم اس دوران قزاقوں کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی یمنی عدالت نے بحری قزاقوں کو کسی مقدمے میں سزا سنائی ہے۔

فیصلے کے وقت قزاق عدالت میں موجود تھے اور انہوں نے اس فیصلے پر احتجاج بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں ان کے خلاف کوئی ثبوت اور گواہ پیش نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند برس کے دوران خلیج عدن کے علاقے میں صومالی قزاقوں نے سینکڑوں بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔