نشے میں کام

برطانیہ میں چیریٹی ڈرنکوئر نامی تنظیم کے جائزے سے منکشف ہوا ہے کہ برطانیہ میں روزانہ پانچ لاکھ شہری جب کام پر جاتے ہیں تو شراب کے نشے میں ہوتے ہیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ جون اور جولائی کے مہینے میں جب فٹ بال کے مقابلے ہوں گے تو نشے میں رہنے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
ڈرنکوئر کا کہنا ہے کہ دس میں ایک برطانوی شہری ہفتے میں دو بار شراب پینے کی وجہ سے نشے کی حالت میں کام پر جاتا ہے اور نشے کی حالت میں جو لوگ کام پر جاتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ دفتر میں وہ اپنا کام صحیح سے کرنے کے لیے انہیں محنت کرنی پڑتی ہے جس یے نتیجے میں وہ غلطیاں کرتے ہیں۔
سات فی صد افراد کا کہنا تھا کہ شراب پینے کی وجہ سے اگلے دن تک ان کی طبعیت اتنی خراب ہوجاتی ہے کہ انہیں دفتر سے جلدی واپس گھر آنا پڑتا ہے۔
اس سروے میں ایک ہزار بالغ افراد نے اپنے بارے میں تفصیلات سے ظاہر کی ہیں۔
دو تہائی افراد کا کہنا تھا کہ اکثر وہ اپنے باس اور دفتر کے دوسرے ساتھیوں سے شراب کے بارے میں مذاق کرتے ہیں۔ وہیں دس میں سے نو افراد کا کہنا تھا کہ نشے کی حالت میں کام پر آنا قابل قبول نہیں ہے۔















