سری لنکا: تمل باغیوں کی اجتماعی شادی
تمل باغیوں کے کیمپوں کو اگست میں بند کرنے اعلان کیا گیا ہے سری لنکا میں فوج نے ملک کے شمال میں واقع ایک جزیرے میں کم از کم پچاس تمل باغیوں کے جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا ہے۔
گزشتہ برس مئی میں فوجی کارروائی میں شکست کے بعد سابق تمل باغی فوج کے کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔
فوجی کیمپوں میں دس ہزار سے زائد وہ تمل باغی رہ رہے ہیں جنہوں نے شکست کے بعد خود کو فوج کے حوالے کر دیا تھا۔سری لنکا کی فوج کا کہنا ہے کہ بہت سارے تمل باغی اس لیے شادی نہیں کر سکے تھے کیونکہ وہ خانہ جنگی میں حصہ لے رہے تھے۔
اجتماعی شادی کی تقریب میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ بہت سارے باغی یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ فوج کی تحویل سے کب آزاد ہونگے۔
گزشتہ ہفتے سری لنکا کے صدر نے ہندوستان کے دورے کے دوران کہنا تھا کہ وہ تمل باغیوں کی آبادکاری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس مئی میں سری لنکا میں خانہ جنگی کے خاتمے کے چھ ماہ کے اندر تمل باغیوں کو دوبارہ بسانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
اب ان کیمپوں کو بند کرنے کے لیے اگست تک کا وقت دیا گیا ہے۔















