چین:طوفانی بارشوں سے درجنوں ہلاکتیں

بارشوں سے اڑسٹھ ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے
،تصویر کا کیپشنبارشوں سے اڑسٹھ ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے
وقت اشاعت

چین کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور تودے گرنے کے واقعات میں ایک سو بتیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ چھیاسی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں آٹھ لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے اور سڑکوں کی تباہی کی وجہ سے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق حالیہ بارشوں سے اڑسٹھ ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ پانچ لاکھ ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی فوج متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

چین کے قومی محکمۂ موسمیات نے اتوار سے مزید بارشوں کی پیشین گوئی کی ہے۔ ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق ’بارش کے امکانات اور شدت میں اضافے کا اندیشہ ہے‘۔

بیان کے مطابق ’زیجیانگ،فوجیان، جیانگزی، حنان اور دیگر جنوبی علاقہ جات میں ایک سو سے ایک سو اسّی ملی میٹر بارش متوقع ہے جبکہ دیگر علاقوں میں دو سو ملی میٹر سے زائد بارش ہوگی۔