قزاقستان میں دنیا کاسب سے بڑا خیمہ

ٹنٹ
،تصویر کا کیپشناس بڑے خیمے کو بنانے میں چار سال لگے ہیں
وقت اشاعت

وسط ایشیائی ملک قزاقستان میں دنیا کے سب سے بڑے خیمے کو عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔

خان شٹائر انٹرٹینمنٹ سینٹر نامی اس خیمے کو برطانوی ماہر تعمیرات فوسٹر اور پارٹنرز نے قزاقستان کے دارالحکومت استانا میں تعمیر کیا ہے اور اس کی بلندی ایک سو پچاس میٹر ہے۔

اس خیمے کا افتتاح شہرکی تیرہویں اور صدرنورسلطان نذر بایووف کی سترویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔

اس خیمے کے وسط میں ایک بڑا پارک بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ اس کے اندر دکانیں، ریستوران، سنیما، مصنوعی ساحل اور دوڑنے کے لیے ٹریک بنائےگئےہیں۔

دارالحکومت استانا میں سردیوں میں موسم منفی تیس سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔اس لیے اس خیمے کو اس طرز کا بنایا گیا ہے کہ اس کے اندر شدید سرد موسم میں بھی معتدل درجۂ حرارت ہوگا۔

اس خیمے کو بنانے میں چار سال لگے ہیں اور اس کی بنیادیں بیس میٹر کنکریٹ کی ہیں۔

یہ دنیا کا سب سے بڑا خیمہ ہونے کے ساتھ ساتھ استانا کی سب سے بڑی عمارت بھی ہے۔