امن کا آخری موقع: ہیلری کلنٹن

ہیلری کلنٹن ساتھ دوسرے لیڈر
،تصویر کا کیپشنمحترمہ کلنٹن کے خیال سے اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے
وقت اشاعت

امریکہ کی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے موجودہ امن مذاکرات امن کے لیے آخری موقع ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ناکامی سے دونوں فریقوں کو نقصان پہنچےگا۔

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اسرائیلی اور فلسطینی ذرائع ابلاغ کے ساتھ مشترکہ طور پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کی امیدوں کے ’ساتھ وقت نے ساتھ نہیں دیا تھا۔‘ واشنگٹن میں دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان بالواسطہ بات چیت کی شروعات کے بعد محترمہ کلنٹن نے یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ ’میری سمجھ کے مطابق ترقی اور مثبت توانائی والی قوتیں تباہ کن اور منفی قوتوں سے متصادم ہیں۔‘

محترمہ کلنٹن نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فریقین میں اس بات چیت کے حوالے سے بہت سے خدشات پائے جاتے ہیں لیکن وہ اس بات سے مطمئن ہیں کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس کامیاب ہوسکتے ہیں۔

اس سے پہلے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی امریکی ایلچی جارج میچل نے ابتدائی بات چیت کو تعمیری بتایا تھا۔

بات چیت امریکی صدر براک اوباما کی ایماء پر ہورہی ہے جنہوں نے فلسطینی صدر محود عباس، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو اور مصر کے صدر حسنی مبارک کے ساتھ بدھ کے روز عشایہ کیا تھا۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ بات چیت کا مقصد مسئلے کا مکمل حل ہے جس کے تحت اسرائیل ان علاقوں کو جس پر اس نے سنہ انیس سو سرسٹھ میں قبضہ کیا تھا خالی کر دیگا اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے گا اور اسرائیل بھی پڑوس میں پر امن طور پر رہ سکے گا۔