انڈونیشیا:ٹرین حادثے میں اٹھائیس ہلاکتیں

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنانڈونیشیا میں حالیہ برسوں حادثات میں اضافہ ہوا ہے
وقت اشاعت

انڈونیشیا کے صوبے جاوا میں حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کے ایک حادثے میں کم از کم اٹھائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ٹرین کو حادثہ سنیچر کی علی الصبح اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت جکارتہ سے آنے والی ایک ٹرین پیٹروکن ریلوے سٹیشن پر پہلے سے کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی۔

مقامی ٹی وی چینل کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرین کے ملبے میں متعدد زخمی اور ہلاک ہونے والے مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک حادثے کی بظاہر وجہ سگنل نظام میں خرابی تھی۔

پولیس سربراہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’حادثے کا مشتبہ سبب ٹریفک مینیجمنٹ سسٹم میں خرابی تھا۔‘

ہلاک اور زخمی ہونے والے زیادہ تر مسافر حادثے کے بعد پٹری سے اترنے واکی تین بوگیوں میں سوار تھے۔

اطلاعات کے مطابق حادثے میں چالیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انڈونیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’حادثے میں ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ابھی ملبے کو ہٹایا جا رہا ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق سولو نامی قصبے میں بھی ایک ٹرین کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

انڈونیشیا میں جون میں بھی ٹرین کے ایک حادثے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔