آئس لینڈ جنسی مساوات میں بہترین

آئس لینڈ میں ایک خاتون وزیر اعظم حکومت کی سربراہ ہیں
،تصویر کا کیپشنآئس لینڈ میں ایک خاتون وزیر اعظم حکومت کی سربراہ ہیں
وقت اشاعت

ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ رپورٹ کے مطابق آئس لینڈ مردوں اور عورتوں میں برابری کے سلسلے میں سب سے بہترین ملک ہے۔

یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ آئس لینڈ ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل گیپ رپورٹ میں پہلے نمبر پر رہا ہے۔

جنسی برابری کی اس رپورٹ میں شمالی یورپ یا سکینڈینیویا کے ملک چھائے ہوئے ہیں کیونکہ آئس لینڈ کے بعد ناروے دوسرے اور فِن لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں مردوں اور عورتوں میں برابری کے سلسلے میں سیاست، تعلیم، ملازمت اور صحت کے شعبوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں سویڈن چوتھے اور نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین کلاس شواب کا کہنا ہے کہ شمالی یورپ کے ملک جنسی عدم مساوات کے خاتمے کے سلسلے میں مشعل راہ کا کام کر رہے ہیں۔

’مردوں اور عورتوں سے مساوی سلوک کا براہ راست تعلق اعلیٰ معاشی مسابقت سے ہے اور اگر ملک نے ترقی اور خوشحالی حاصل کرنی ہے تو لڑکیوں کے ساتھ مساوی سلوک کرنا ہوگا۔‘

رپورٹ کے مطابق جنسی مساوات کی فہرست میں برطانیہ پندرہویں نمبر پر ہے اور سن دو ہزار نو کے مقابلے میں اس کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

فرانس واحد ملک ہے جس کی پوزیشن میں سب سے زیادہ ابتری آئی ہے۔ سن دو ہزار نو میں فرانس کی پوزیشن اٹھارہویں تھی جو اب گر کر چھیالیسویں ہو چکی ہے۔

ڈبلیو ای ایف کا کہنا ہے کہ فرانس کی پوزیشن میں انحطاط کی بنیادی وجہ فرانسیسی کابینہ میں خواتین وزراء کی تعداد میں آنے والی کمی ہے۔

دوسری طرف امریکہ نے اس فہرست میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے۔ سن دو ہزار نو میں امریکہ اکتیسویں نمبر پر تھا جب کہ اس سال امریکہ کی پوزیشن انیسویں ہے۔