برسٹل کے تنہا زرافے کو ساتھی مل گیا

چار سال کی بین الاقوامی تلاش کے بعد برسٹل کے چڑیا گھر کے زرافے جیرالڈ کی تنہائی کا ساتھی ڈھونڈ لیا گیا ہے۔
پندرہ فٹ قد کے حامل جیرالڈ کو سنہ 2006 میں برسٹل چڑیا گھر لایا گیا تھا اور تبھی سے حکام اس کے لیے ایک ساتھی کی تلاش میں تھے جو جینیویو نامی مادہ زرافہ پر جا کر ختم ہوئی۔
بارہ فٹ لمبی جینیویو کو ایک ہزار میل کے سفر کے بعد شمالی یورپ سے برسٹل منتقل کیا گیا ہے۔
چڑیا گھر کے نگران کرس ولکنسن کے مطابق سات سالہ جیرالڈ ایک ’انتہائی خوش قسمت‘ زرافہ ہے اور اسے انتظار کا بہترین پھل ملا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں ابتداء سے ہوں اور مجھے سب یاد ہے کہ ہم کس طرح یہاں زرافے رکھنے کی امید باندھا کرتے تھے۔ ہم اس(جیرالڈ) کے لیے ایک موزوں ساتھی کی تلاش میں تھے اور ہمیں اس میں کئی بار ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا‘۔
جیرالڈ کے لیے ماضی میں جن ساتھیوں کا انتخاب کیا گیا تھا انہیں نیلی زبان کے قوانین یا پھر جنوبی افریقہ میں منہ اور کُھر کی بیماری کی وجہ سے برسٹل نہیں لایا جا سکا تھا۔
اب برسٹل چڑیا گھر کا عملہ دونوں زرافوں کی نگرانی کرے گا اور جینیویو کو اس نئے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد دے گا۔















