وکی لیکس: سوئس اثاثے منجمد

سوئٹزر لینڈ کے پوسٹ آفس بینک ’پوسٹ فنانس‘ نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے کھاتے منجمد کر دیے ہیں۔
وکی لیکس کا کہنا ہے کہ جو کھاتے منجمد کیے گئے ہیں ان میں ایک ڈیفینس فنڈ اور اکتیس ہزار یورو کے ذاتی اثاثے شامل ہیں۔
پوسٹ فناننس نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اکاؤنٹ کھولتے وقت مسٹر اسانج نے غلط اطلاع فراہم کی تھی کہ ان کے پاس سوئٹزر لینڈ کی رہائش ہے۔ بینک کا کہنا تھا کہ اسانج سوئٹزر لینڈ میں اپنی رہائش کا ثبوت پیش نہیں کر پائے اس طرح وہ بینک کے کسٹمر رلیشن شپ کے معیار پر پورے نہیں اترتے اور بینک کو ان کے کھاتے بند کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
پوسٹ فننانس کی جانب سے وکی لیکس کے اکاؤنٹس بند کرنے کا یہ اقدام گزشتہ ہفتے خفیہ امریکی سفارتی دستاویز شائع کرنے کے بعد وکی لیکس کے لیے ایک تازہ جھٹکا ہے۔
وکی لیکس نے سینکڑوں خفیہ سفارتی دستاویز جاری کر کے امریکہ کو ناراض کر دیا ہے۔ دریں اثناء مسٹر اسانج کی گرفتاری کے وارنٹ برطانوی حکام کو بھیج دیئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ جولین اسانج کی گرفتاری کے یوروپی وارنٹ پیر کی دوپہر برطانیہ کو موصول ہو گئے۔
سویڈن کی عدالت جنسی زیادتی کے معاملے میں جولین اسانج سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے ۔سویڈن میں انہیں دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا ہے۔اسانج اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے دونوں خواتین کی مرضی سے ہی ان کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا تھا۔
خیال ہے کہ اسانج برطانیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں روپوش ہیں۔ بی بی سی کے سکیورٹی امور کے نامہ نگار فرینک گارڈنر کا کہنا ہے کہ اگر پولیس انہیں گرفتار کر لیتی ہے تو انہیں گرفتاری کے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد انہیں سویڈن کے حوالے کرنے کا عمل شروع ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















