’وزیراعظم تھاچی اعضاءکی سمگلنگ میں ملوث‘

حقوقِ انسانی کے لیے کام کرنے والی ایک یورپی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کوسوو لبریشن آرمی کے سابق کمانڈرز پر انسانی اعضاء اور منشیات کی سمگلنگ سمیت حقوقِ انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔
کونسل آف یورپ کی جانب سے تیار کردہ اس رپورٹ کے ایک مسودے میں جو بی بی سی کو دکھایا گیا ہے، کوسوو کے موجودہ وزیراعظم ہاشم تھاچی کا نام ستائیس مرتبہآیا ہے۔
کوسوو حکومت نے اس مسودے کو ’بےبنیاد اور بدنام کرنے کی سازش‘ قرار دیا ہے۔ یہ رپورٹ جمعرات کو شائع کی جائے گی۔
یہ رپورٹ کونسل آف یورپ کے خصوصی نمائندے ڈک مارٹی نے دو سال کی تحقیقات کے بعد تیار کی ہے اور اس میں موجود بہت سے تفصیلات ایسی ہیں جو سنہ 2009 میں بی بی سی کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں بھی سامنے آئی تھیں۔
بی بی سی کی اس رپورٹ میں کوسوو لبریشن آرمی کے سرب اور البانوی قیدیوں کے کوسوو سے سرحد پار البانیہ منتقلی کے ثبوت دیے گئے تھے۔
کوسوو لبریشن آرمی کے ذیلی گروپ پر جسے ڈرینیکا گروپ کا نام دیا گیا ہے اور جس کے سربراہ ہاشم تھاچی تھے، الزام ہے کہ وہ منشیات اور انسانی اعضاء کی سمگلنگ جیسے منظم جرائم میں ملوث تھا۔ رپورٹ میں آج تک کی منظم جرائم کی سرگرمیوں کے ثبوت پیش کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں اپنے ابتدائی ردعمل میں کوسوو کی حکومت نے اسے بےعزتی قرار دیا ہے اور قانونی اور سیاسی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔
یہ رپورٹ جمعرات کونسل آف یورپ کی قانون اور حقوقِ انسانی کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















