جوہری معاہدہ کی توثیق کریں: اوباما

امریکی صدر باراک اوبامہ نے سنیٹ پر زور دیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو کم کرنے کے لیے روس کے ساتھ ہوئے معاہدے کی توثیق میں وہ رکاوٹ نہ ڈالے۔
ہفتہ وار اپنے ریڈیو خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ اگر سینیٹ ہتھیاروں پر کنٹرول کے لیے روس کے ساتھ ہوئے معاہدے کی توثیق میں ناکام رہتی ہے تو پھر عالمی سطح پر جن دیگر امور پر چیلنجز کا سامنا ہے ان پر امریکی قیادت کا اثر و رسوخ کم ہوسکتا ہے۔
اس برس اپریل کے مہینے میں روس اور امریکہ نے اپنے جوہری ہتھیاروں کو کم کرنے کے لیے ’نیو سٹارٹ‘ کے نام سے ایک معاہدہ کیا تھا۔
صدر اوباما نے کہا کہ اگر اس معاہدے کی توثیق سینیٹ سے نہیں ہو پائی تو پھر امریکہ نے روس کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لیے جو پیش رفت کی ہے وہ رک سکتی ہے۔
اس معاہدے پر عمل آوری کے لیے امریکی سینیٹ سے اس کی توثیق ضروری ہے۔ اور اس کے لیے سینیٹ میں اسے کم سے کم سڑسٹھ ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے۔
صدر اوبامہ کی ڈیموکرٹیک پارٹی کے سینیٹ میں فی الوقت اٹھاون ارکان ہیں اور اسے نو مزید ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر براک اوباما اور روسی صدر دمیتری میدویدو نے جوہری ہتھیاروں کو کم کرنے کے لیے تاریخی معاہدے پر پراگ میں دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے مطابق سرد جنگ کے یہ دو حریف ملک اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو پندرہ سو پچاس تک محدود کرنے کے پابند ہیں۔ یہ تعداد اس وقت دونوں ممالک کے پاس موجود ہتھیاروں سے تیس فیصد کم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















