افغانستان میں ایرانی شہری گرفتار

افغانستان میں نیٹوحکام نے کہا ہے کہ ایک ایرانی شہری کو افغانستان کے صوبے قندھار سےگرفتار کیاگیا ہے جس کے طالبان قیادت سے براہ راست تعلقات ہیں۔
نیٹو نے اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا تھا کہ گرفتار ہونے والے شخص کا تعلق پاسدارن انقلاب کے ممتاز دستے القدس گارڈز سے تعلق ہے۔ البتہ نیٹو حکام نے وضاحت کی ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے شخص کا القدس گارڈز سے تعلق نہیں ہے۔
افغانستان میں مغربی حکام نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے والا شخص مبینہ طور پر اسلحہ کی سمگلنگ میں ملوث ہے اور اس کے قندھار میں طالبان کی اعلیٰ قیادت سے براہ راست تعلقات ہیں۔
افغانستان میں مغربی اہلکاروں کو شبہ ہے کہ گرفتار ہونے والا شخص ایران سے اسلحہ طالبان کو پہنچانے میں مدد کرتا تھا۔
افغانستان میں مغربی ممالک کے خفیہ اہلکاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے حال ہی میں القاعدہ کے کئی اراکین کو جیلوں سے رہا کیا ہے تاکہ وہ پاکستان افغانستان کے سرحدوں پر القاعدہ کو ایک بار پھر منظم کریں۔ مغربی اہلکاروں کا خیال ہے کہ امریکی ڈرون حملوں کے باعث القاعدہ منتشر ہوئی ہے۔















