امریکہ کی مشرقی ریاستیں برفانی طوفان کی زد میں

امریکہ کے کئی مشرقی حصے برفانی طوفان کی زد میں ہیں، کچھ ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور سیکنڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
برف کا طوفان جس کا سفر امریکہ کے شمالی حصوں کی طرف ہے، مختلف ریاستوں میں زندگی کو شدید متاثر کرتا ہوا اپنے راستے میں برف کی تہیں جماتا جا رہا ہے۔ کئی شہروں میں برف کی وجہ سے ہنگامی صورتِ حال ہے اور کچھ ریاستوں میں ہنگامی صورتِ حال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
امریکی ریاستوں جارجیا سے ورمونٹ تک درجۂ حرات انتہائی نیچے گر گیا ہے اور امریکہ کی مشرقی ریاستوں کو آنے جانے والی تمام پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جن کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
برفانی طوفان ریاست نیویارک سے بھی ہو کر گزرے گا اور کچھ دیر قبل نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لوگوں سے خبردار رہنے کی اپیل کی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگلے چند گھنٹوں میں شہر میں پندرہ سے بیس انچ تک برف پڑنے اور پچن میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کی ریاست نے دیگر ریاستوں کی طرح، زندگی کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے جو ہو سکتا ہے انتظام کیا ہے۔صرف نیویارک کے لیے ایک لاکھ اسی ہزار ٹن نمک منگوایا گیا ہے تاکہ سڑکوں کو قابلِ استعمال حالت میں رکھا جا سکے۔ میئر نے بتایا کہ گزشتہ روز سے ہی موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں کارکنوں کو طب کر لیا گیا ہے۔
برفانی طوفانی نیو یارک کے علاوہ کئی دیگر ریاستوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ برف نے نیو انگلینڈ کو بھی متاثر کیا ہے۔ ریاست میری لینڈ، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ ساوتھ کیرولائنا کی ریاست میں سنہ 1887 سے لے کر آج تک کبھی کرسمس کے موقع پر اتنی برف نہیں پڑی۔
واشنگٹن میں ٹرانسپورٹ حکام نے نمک سے لدی ہوئی دو سو لاریوں، سڑکوں سے برف ہٹانے والی گاڑیوں اور دیگر آلات تیار رکھنے کا حکم دیا ہے۔
کئی مشرقی ریاستوں میں امریکی وقت کے مطابق اتوار کی دوپہر سے برف پڑنی شروع ہوگئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















