خطاب و اعزازات کی سالانہ فہرست جاری

ملکہ برطانیہ کی جانب سے نئے سال کے آغاز کے موقع پر برطانوی مسلح افواج کے سب سے اعلٰی مسلمان عہدیدار پاکستانی نژاد ریئر ایڈمرل امجد حسین سمیت ایک ہزار کے قریب خواتین و حضرات کو ان کی خدمات پر مختلف خطاب و اعزازات دیے گئے ہیں۔
اس فہرست میں جہاں اپنے شعبوں میں مشہور افراد کے نام شامل ہیں وہیں ایک بڑی تعداد ایسے برطانوی شہریوں کی ہے جنہیں عموماً ان کی لوکل کمیونٹی سے باہر کوئی نہیں جانتا۔
2011 کی فہرست میں جن مشہور افراد کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں مشہور ڈرامہ نگار ہیرلڈ پنٹر کی بیوہ اور تاریخ دان اور مصنفہ لیڈی انٹونیا فریزر اور سٹیج اداکارہ ہیئرٹ والٹر کو ڈیم(Dame) بنایا گیا ہے۔
فیشن ڈیزائنرز کیتھرین ہیمنٹ اور ریمنڈ کیلون اداکارہ شیلا ہینکاک، اداکار ڈیوڈ سوشے، ریکارڈ پروڈیوسر لاریور ہارن اور فنکار سٹیو میکوئین کو کمانڈر آف دی آرڈر آف برٹش ایمپائر یا سی بی ای کا خطاب ملا ہے۔
اس کے علاوہ خاتون موسیقار اینی لینوکس، برطانوی لوک موسیقار رچرڈ تھامسن اور برٹ کواک کو آفیسر آف دا آرڈر آف برٹش ایمپائر جبکہ سنہ 2010 کے فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل کھلانے والے ریفری ہاورڈ ویب کو ممبر آف دی آرڈر آف برٹش ایمپائر کا خطاب دیا گیا ہے۔

برطانیہ میں دو برس قبل سامنے آنے والے اخراجات سکینڈل کے بعد پہلی مرتبہ اعزازات و خطابات کی فہرست میں برطانوی ارکانِ پارلیمان کے نام بھی ہیں اور جہاں پیٹر بوٹم لے کو’سر‘ کا خطاب ملا ہے وہیں این بیگ کو ڈیم بنایا گیا ہے۔
این بیگ وہیل چیئر استعمال کرنے والے وہ پہلی خاتون ہیں جو رکنِ پارلیمان منتخب ہوئی تھیں۔ انہیں معذور افراد کے لیے ان کی خدمات اور برابری کے حق کے لیے ان کی کوششوں پر یہ خطاب ملا ہے۔ چھیاسٹھ سالہ سر پیٹر بوٹم لے کو عوامی خدمات پر نائٹ ہڈ ملا ہے۔
کمپینئن آف دی آرڈر آف باتھ کا خطاب پانے والے شاہی بحریہ کے رئر ایڈمرل امجد حسین برطانوی مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے ان ایک سو بیس افراد میں شامل ہیں جنہیں مختلف خطابات دیےگئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نشریات کے شعبے میں آئی ٹی این کے سابق نامہ نگار تراسی سالہ سینڈی گال کو کمپینئن آف دا آرڈر آف سینٹ مائیکل اینڈ سینٹ جارج بنایا گیا ہے۔ انہیں یہ خطاب معذور افغانیوں کے لیے کئی عشروں پر محیط خیراتی سرگرمیوں پر دیا گیا ہے۔
ہر سال کی طرح رواں برس خطابات پانے والے 998 افراد میں سے بیشتر عام برطانوی شہری ہیں جن میں سرے کاؤنٹی میں شہد کی مکھیاں پالنے والی خاتون این بکنگھم اور لندن کے ٹاور برج کے برج ماسٹر ایرک سدرنز جیسے لوگ شامل ہیں۔



















