نائجیریا میں دھماکہ، متعدد ہلاک

نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں نئے سال کے موقع پر ایک کلب میں دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
نائجیریا کی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ’برے لوگوں‘ نے سال نو کی خوشیاں منانے والوں کو ہلاک کرنے کے لیے بم ایک کلب میں نصب کیا گیا تھا۔ فوج کے سربراہ نے دھماکہ کرنے والوں کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں کہا ہے۔
دھماکہ ایک مصروف بازار میں کیا گیا جہاں ملک کے فوجی اور سویلین کھانے اور شراب نوشی کے لیے اکھٹے ہوتے ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ دھماکے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ البتہ فوجی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دھماکہ میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
نائجبریا کے سرکاری ٹیلویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد تیس تک پہنچ گئی ہے۔ البتہ پولیس کے ترجمان جموہ موشود نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہے۔
عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہر طرف جسمانی اعضا پڑے ہیں اور زخمیوں کو وہاں سے ہٹایا جا رہا ہے۔
فوج کے سربراہ نے نائجیریا کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی شخص کو کوئی ایسی چیز جس سے وہ خطرہ محسوس کرتے ہوئے، چھوڑ کر فرار ہونے کی اجازت نہ دیں۔
نائجیریا میں حالیہ ہفتے میں کئی بم دھماکے ہو چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















