لندن:بھارتی سفارتکار کو واپس بلا لیا گیا

لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہم اہلکار کو اپنی بیوی کی مبینہ پٹائی کے الزامات کے بعد واپس دلی بلا لیا گیا۔
بھارتی ہائی کمیشن میں تجارت اور کامرس کے انچارج انل ورما پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مار پیٹ کی تھی۔
یہ معاملہ بھارت کی حکومت کے لیے شرمندگی کا سبب بن گیا تھا کیونکہ برطانوی وزارتِ خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن سے کہا تھا کہ انل ورما کو حاصل سفارتی استثنٰی ختم کیا جائے۔
اس کے بعد بھارتی وزارتِ حارجہ نے کہا تھا کہ اس معاملے پر غور کیا جا رہا ہے۔ْبھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ انل ورما کے بھارت جانے کے بعد اگر ضرورت ہوئی تو کوئی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ لندن میں انل ورما کے گھر سے ان کی اہلیہ کے چیخنے کی آوازیں سن کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی ۔سفارت کار ہونے کی وجہ سے جب پولیس انہیں گرفتار نہیں کر سکی تو میٹرو پولیٹن پولیس نے واقعہ کی اطلاع برطانوی وزارتِ خارجہ کو دی۔
برطانوی وزارتِ خارجہ نے اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیا تھا ۔اس سلسلے میں وزارت نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’ہم یہ برداشت نہیں کرسکتے کہ برطانیہ میں کام کرنے والے سفارت کار اس ملک کے قانون کی خلاف ورزی کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے قانون کی اسی طرح پاسداری کریں جس طرح ہمارے سفارت کار دوسرے ممالک میں کرتے ہیں‘۔















