عراق: خودکش حملے میں بارہ ہلاک

بعقوبہ اور تکرت کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جو عراق میں سنی مزاحمت کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔
،تصویر کا کیپشنبعقوبہ اور تکرت کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جو عراق میں سنی مزاحمت کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔
وقت اشاعت

عراق کے شہر بعقوبہ میں پولیس کی ایک عمارت پر ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حملہ آوروں نے اس حملے میں ایمبولنس کا استعمال کیا۔

اطلاعات کے مطابق اس حملے میں دو افراد نے حصہ لیا۔ پہلے ایک حملہ آور نے ایمبولنس سے نکل کر سپیشل سکیورٹی پولیس سینٹر کے دروازے پر موجود محافظوں پر فائرنگ کی۔

اس کے بعد دوسرا حملہ آور دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی ایمبولنس کو سینٹر کے اندر لے گیا اور دھماکہ کر دیا۔

دھماکے کے نتیجے میں ساٹھ افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ کئی افراد عمارت کے ملبے تلے دب گئے۔

گزشتہ روز تکرت میں بھی ایک خودکش حملے میں ساٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عراق میں گزشتہ کچھ عرصے سے تشدد میں کمی آئی ہے لیکن خودکش حملوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

بعقوبہ اور تکرت کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جو عراق میں سنی مزاحمت کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔