عمر سلیمان اسرائیل کی ترجیح

صدر حسنی مبارک کافی عمر رسیدہ ہو گئے ہیں
،تصویر کا کیپشنصدر حسنی مبارک کافی عمر رسیدہ ہو گئے ہیں
وقت اشاعت

امریکہ کے ایک سفارتی مراسلے کے مطابق مصر میں صدر حسنی مبارک کے جانشین کے طور پر عمر سلیمان کچھ عرصے کے لیے اسرائیل کے لیے قابل ترجیح امیدوار ہوں گے۔

وکی لیکس کی طرف سے جاری ہونے والا یہ مراسلے برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف میں شائع ہوا ہے۔

سنہ دو ہزار آٹھ کے اس سفارتی مراسلے میں ایک امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ اسرائیل مصر میں صدرحسنی مبارک کے بعد عمر سلیمان کے اقتدار میں آنے سے کافی مطمئن ہوگا۔

یہ مراسلہ مصر اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے بعد لکھا گیا تھا۔

اس مراسلے میں اسرائیلی اہلکار ڈیوڈ ہیچم کا ذکر بھی کیا گیا جنہوں نے یہ کہا کہ صدر مبارک اس قدر عمر رسیدہ ہوگئے ہیں اور ان کی زبان بھی لڑکھڑا گئی ہے جسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئے جبکہ ہیچم نے عمر سلیمان کی بہت تعریف کی تھی۔

عمر سلیمان کو مصر میں حالیہ عوامی احتجاج کے بعد صدر حسنی مبارک نے اپنا نائب مقرر کیا ہے۔ صدر حسنی مبارک نے گزشتہ تیئس برس سے اس آئینی عہدے پر کوئی تقرری نہیں کی تھی اور مصر میں نائب صدر کا عہدہ خالی تھا۔