جوہری آلات کی سمگلنگ، فردِجرم عائد

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
امریکہ میں ایک پاکستانی شہری پر امریکہ سے جوہری آلات پاکستان سمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق میری لینڈ کے رہائشی پینتالیس سالہ ندیم اختر پر الزام ہے کہ انہوں نے کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر ممنوعہ سازوسامان اور ٹیکنالوجی پاکستانی جوہری تنصیبات منتقل کرنے کی کوشش کی۔
امریکہ شہر بالٹیمور میں جاری مقدمے میں استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم نے امریکی محکمۂ تجارت کی بلیک لسٹ میں شامل افراد کو تابکاری کی نشاندہی کرنے والے آلات سمیت سامان فراہم کیا۔
استغاثہ کے مطابق یہ منصوبہ سال دو ہزار پانچ میں شروع ہوا اور گزشتہ برس مارچ تک جاری رہا اور زیادہ تر سمگلنگ سال دو ہزار پانچ سے دو ہزار آٹھ کے دوران ہوئی۔
کمپیوٹر کمیونیکیشن نامی کمپنی کے مالک ندیم اختر پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھی کے تعاون سے دبئی اور پاکستان سے رقوم امریکہ منتقل کیں۔
اگر ندیم اختر پر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں بیس سے چالیس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔















