پکتیکا: خودکش حملے میں بیس ہلاک

افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیکا میں ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے سائٹ دفتر پر حملے میں بیس افراد ہلاک اور پچاس کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق یہ حملہ اتوار اور پیر کی شام کو ہوا جب تین حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اس کمپنی کے کنسٹرکشن کے احاطے میں داخل ہوگئے جہاں انھوں نے پھر دھماکہ کر دیا۔
پکتیکا کے ایک سکیورٹی کمانڈر دولت خان زدران نے خبر رساں ادارے افغان اسلامک پریس کو بتایا کہ یہ حملہ عبدالظاہر کنسٹرکشن کمپنی کےدفتر پر ہوا۔ یہ دفتر پکتیکا کے علاقے برمل میں واقع تھا اور یہ کمپنی یہاں سڑکوں کی تعمیر کا کام کر رہی تھی۔
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ خود کو طالبان کے ترجمان کہنے والے ذبیح اللہ مجاہد نے کئی اخباری اداروں کو ای میل کے ذریعے کہا ہے کہ طالبان نے ’نیٹو اور افغان حکومت کے ایک آپریٹنگ بیس کو نشانہ بنایا ہے‘۔ تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ اس جگہ کوئی غیر ملکی فوجی نہیں تھے اور اس حملے میں مرنے والے تمام افراد افغان تھے اوراس کمپنی میں کام کرنے والے عام مزدور تھے۔















