خام تیل: ڈھائی سال کی بلند ترین قیمت

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
عالمی منڈی میں خام تیل کی رسد میں کمی اور ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث پیدا ہونے والی تشویش سے تیل کی قیمتیں گزشتہ ڈھائی سال کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہیں۔
ایشیا کی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت صفر اعشاریہ چار فی صدکے اضافے سے ایک سو تئیس اعشاریہ ایک سات ڈالر تک فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ لائٹ کروڈ آئل کی قیمت ایک سو دس اعشاریہ آٹھ دو تک جا پہنچ گئی ہے۔
دیگر اشیا کی قیمتیں بھی امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ سے بڑھ گئی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان سرمایہ کاروں کے لیے جو ڈالر کے علاوہ کسی اور کرنسی میں چیزیں خریدتے ہیں، ڈالر کی قدر میں کمی فائندہ مند ہوتی ہے اور انھیں اشیا سستے داموں ملتی ہیں۔
مبصرین کہتے ہیں کہ اس تمام صورتحال میں تشویشناک بات یہ ہے کہ لیبیا اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث خام تیل کی رسد مذید متاثر ہو گی۔
اس بحران کی وجہ سے لیبیا میں تیل کی پیداوار بہت زیادہ زیادہ متاثر ہوئی ہیں اور اس کی بڑی وجہ لیبیا میں حکومت اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
خام تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے تیل کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ترقی یافتہ ممالک میں خام تیل کی مانگ میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ اُن ممالک کے صنعتی سیکڑ اورگاڑیوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہے۔
آئی ایم ایف نے اس صورتحال پر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خام تیل کی طلب اور رسد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے تیل کی قیمتیں مذید بڑھ سکتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آئی ایم ایف کے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے مشیر تھامس ہیلبلنگ کے مطابق تیل کی طلب اور رسد میں اضافے سے قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق اس صورتحال کی وجہ سےمارکیٹوں کو تیل کی سپلائی میں مذید کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی میں کمی کے باعث تیل پیدا کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔
آئی ایچ ایس گلوبل انسائٹ کے راجیو بسواس کے مطابق تشویشناک بات یہ ہے کہ تیل کے نئے ذخائر ڈھونڈنے میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں۔
راجیو بسواس کا کہنا ہے کہ شمالی امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ میں رونما ہونے والے واقعات کی وجہ سے تیل پیدا کرنے والے کمپنیاں اپنی حکمتِ عملی پر نظر ثانی پر غور کر رہی ہیں۔



















