فلسطینی نواز اطالوی کارکن ہلاک

آریگونی انٹرنیشنل سالیڈیرٹی موومنٹ کے ایک رکن تھے اور کئی سالوں سے غزہ میں رہ رہے تھے
،تصویر کا کیپشنآریگونی انٹرنیشنل سالیڈیرٹی موومنٹ کے ایک رکن تھے اور کئی سالوں سے غزہ میں رہ رہے تھے
وقت اشاعت

سکیورٹی حکام کے مطابق غزہ سے اغواء ہونے والے فلسطینی نواز کارکن وٹاریو آریگونی کی لاش ملِ گئی ہے۔

وٹاریو کو جمعرات کی صبح ایک ایسے شدت پسند گروپ نے اغواء کر لیا تھا جو ان کے بدلے اپنے رہنماء کو رہا کرانا چاہتا تھا۔

حماس کا کہنا ہے کہ وٹاریو آریگونی کو ہلاک کرنے کے بعد لٹکا دیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کو اطالوی کارکن کے بارے میں خفیہ ذرائع سے معلومات حاصل ہوئی تھیں لیکن جب پولیس اس مقام پر پہنچی تو وہاں اس کی لاش کھمبے سے لٹک رہی تھی۔

سن دو ہزار سات میں بی بی سی کے صحافی ایلن جانسٹن کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جب کسی غیر ملکی باشندے کو اغواء کیا گیا ہو۔

حماس کے ایک اہلکار کے مطابق وٹاریو آریگونی کے قتل کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت وٹاریو آریگونی کی لاش برآمد ہوئے، وہ اس سے کئی گھنٹے پہلے ہلاک ہو چکے تھے۔

غزہ میں بی بی سی کے نامہ نگار جون ڈونیسن کے مطابق چھتیس سالہ وٹاریو آریگونی کو حماس کی مخالفت کرنے والی ایک سلفی انتہا پسند تنظیم اغواء کیا تھا۔

نامہ نگار کے مطابق یہ تنظیم حماس کو ایک نرم موقف رکھنے والی جماعت سمجھتی ہے۔

تنظیم نے دھمکی دی تھی کہ اگر ان کے رہنما شیخ ابو ولید المقدسی سمیت ان کی اعلیٰ قیادت کو رہا نہ کیا گیا تو وہ آریگونی کو قتل کر دیں گے۔ شیخ مقدسی کو حماس پولیس گزشتہ ماہ غزہ شہر سے گرفتار کیا تھا۔

یو ٹیوب پر لگائے جانے والے ایک وڈیو میں بظاہر آریگونی کو زدوکوب ہوتا دکھایا گیا ہے۔ ان کی آنکھوں پر ایک موٹی سیاہ پٹی باندھی گئی تھی۔

آریگونی انٹرنیشنل سالیڈیرٹی موومنٹ کے ایک رکن تھے اور کئی سالوں سے غزہ میں رہ رہے تھے۔

اس اغواء سے پہلے حماس کو غزہ سے اغواء کی وارداتیں ختم کرنے کا کریڈٹ دیا جاتا تھا۔