ڈیسمنڈ ایلیٹ پرائز کی ابتدائی فہرست جاری

برطانیہ میں چھپنے والے کسی مصنف کے پہلے ناول کے ایوارڈ ڈیسمنڈ ایلیٹ پرائز دو ہزار گیارہ کی ابتدائی فہرست کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
دس مصنفوں کی اس فہرست میں بی بی سی اردو کی ویب سائٹ بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے ایڈیٹر مرزا وحید کا نام بھی شامل ہے۔ مرزا وحید کا نام ان کے پہلے ناول ’دی کولیبوریٹر‘ کے لیے اس پرائز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

وحید کے علاوہ اس فہرست میں ای ایل ایل ای میگزین کی سابق کمیشننگ ایڈیٹر انجلی جوزف، مختصر دورانیے کی فلموں کے مشہور ڈائریکٹر ٹام کنولی، ایوارڈ یافتہ صحافی لیو بینیڈکٹس اور وکیل جوناتھن لی بھی شامل ہیں۔
اس فہرست میں تین مصنفین کا تعلق بھارت سے ہے۔ جن میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے وحید مرزا، ای ایل ایل ای میگزین کی سابق کمیشننگ ایڈیٹر انجلی جوزف اور شاعر نکیش شکلا شامل ہیں۔
یہ پرائز ڈیسمنڈ ایلیٹ کے نام پر شروع کیا گیا تھا جو ایک مشہور پبلشر، لٹریری ایجنٹ اور اس شعبے میں ایک بڑا نام تھے جن کا دو ہزار تین میں انتقال ہو گیا تھا۔

ڈیسمنڈ ایلیٹ نے عہد کیا تھا کہ وہ نئے لکھنے والوں کے لیے ایک ادبی ایوارڈ کا انتظام کریں گے جس میں جیتنے والے مصنف کو دس ہزار برطانوی پاؤنڈ کا انعام بھی دیا جائے گا۔ اس پرائز کا مقصد نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے فکشن پر خوشی کا اظہار کرنا ہے۔
اس سال اس پرائز کے ججوں کے پینل کے سربراہ معروف براڈکاسٹر اور بی بی سی ریڈیو فور کے پروگرام سنڈے شو کے میزبان ایڈورڈ سٹاورٹن ہیں۔ ان کے ساتھ مصنف اور صحافی فینی بلیک اور ایمی ورتھ بھی شامل ہیں۔















